• KHI: Asr 4:18pm Maghrib 5:55pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:11pm
  • ISB: Asr 3:32pm Maghrib 5:11pm
  • KHI: Asr 4:18pm Maghrib 5:55pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:11pm
  • ISB: Asr 3:32pm Maghrib 5:11pm

لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، خاتون جاں بحق

شائع January 10, 2019
مارٹر شیل کے ٹکڑے خاتون کی گردن پر لگے جس سے ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی— فائل فوٹو: اے ایف پی
مارٹر شیل کے ٹکڑے خاتون کی گردن پر لگے جس سے ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی— فائل فوٹو: اے ایف پی

آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور ایک زخمی ہو گئیں۔

وادی نیلم کے ڈپٹی کمشنر راجہ محمود شاہد نے ڈان کو بتایا کہ بھارتی فوج نے صبح 8 بج کر 50 منٹ پر شہری آبادی پر بلااشتعال شیلنگ شروع کردی اور یہ سلسلہ دوپہر 2 بجے تک وقفے وقفے سے جاری رہا۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ: بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

بھارتی فوج نے ضلعی ہیڈ کوارٹر اتھ مقام اور اس کے اطراف میں واقع شہری آبادی کو نشانہ بنایا اور بگنہ گاؤں میں گھر کے احاطے میں گرنے والے مارٹر شیل سے 6 بچوں کی ماں 35 سالہ ساجدہ بی بی جاں بحق ہوئیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مارٹر شیل کے ٹکڑے ساجدہ بی بی کی گردن میں لگے جس سے ان کا بہت خون بہہ گیا اور موقع پر ہی ان کی موت واقع ہو گئی۔

راجہ محمود شاہد نے خاتون کے اہلخانہ کے گھر جا کر ان سے تعزیت کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے 3 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔

واضح رہے کہ یہ گزشتہ دو ہفتے کے دوران دوسرا موقع ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے اتھ مقام میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔

31 دسمبر کو بھی بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور دو کانسٹیبل سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کی وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ جن علاقوں کو خطرات کا سامنا ہے وہاں کے رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے، جبکہ تعلیمی ادارے بھی وقتی طور پر بند کر دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار خالد نے بتایا کہ برنالا کے گاؤں نالی میں مارٹر شیل لگنے سے ایک 35 سالہ خاتون زخمی ہو گئیں۔

خاتون کو بھمبر کے ملٹری ڈریسنگ سینٹر میں داخل کردیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025