جنوبی افریقہ سے ون ڈے سیریز، عامر، رضوان اور شان کا انتخاب
پاکستانی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے 16رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور شان مسعود، محمد رضوان اور محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 19جنوری کو کھیلا جائے گا جس کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: سرفراز احمد کی حمایت میں وسیم اکرم سامنے آگئے
نیوزی لینڈ کے خلاف 3ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں اور آصف علی، حارث سہیل اور جنید خان کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
آصف علی مسلسل مواقع ملنے کے باوجود توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے جبکہ حارث سہیل انجری کے سبب سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے 16رکنی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی، کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کی رضامندی سے کیا گیا ہے اور ہم نے رواں سال شیڈول ورلڈ کپ سمیت ون ڈے کرکٹ میں قومی ٹیم کے سامنے والے دیگر چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے کوشش کی کہ ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہ کی جائیں۔
جنید خان کو ڈراپ کیے جانے کے سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ فاسٹ باؤلر کو اپنی باؤلنگ پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ فٹنس مسائل کے سبب وہ نیوزی لینڈ کے خلاف بھی مکمل سیریز نہیں کھیل سکے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد عباس ہمارے ون ڈے کرکٹ کے منصوبے کا حصہ ہیں لیکن وہ حال ہی میں انجری سے صحتیاب ہوئے ہیں لہٰذا ہم ان پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے اور مستقبل میں قومی ٹیم میں منتخب کیے جانے سے قبل مکمل آرام فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جوہانسبرگ ٹیسٹ: کوچ کا قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا عندیہ
انضمام نے کہا کہ محمد عامر نے جنوبی افریقہ میں جاری ٹیسٹ سیریز میں اچھی باؤلنگ کی جس کے سبب وہ ہمارے لیے پہلا انتخاب بن گئے اور اس کی بدولت ہم نے عباس کو آرام دینے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی کو غیرمستقل مزاجی اور توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے پر ہم نے ڈراپ کر کے حسین طلعت کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے جو بیٹنگ کے ساتھ ساتھ باؤلنگ کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔
حسین طلعت نے اب تک ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کی لیکن 11ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کا تجربہ رکھتے ہیں۔
ٹیسٹ سیریز میں موثر کھیل پیش کرنے پر شان مسعود 16رکنی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے جبکہ ڈومیسٹک اور فرسٹ کلاس میں عمدہ کھیل پیش کرنے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی ون ڈے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 19جنوری کو پورٹ الزبتھ میں کھیلا جائے گا جس کے بعد ڈربن، سنچورین، جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن بالترتیب بقیہ میچوں کی میزبانی کریں گے۔
مزید پڑھیں: امریکی معمرسائیکلسٹ سے ریکارڈ واپس لے لیا گیا
سیریز کے لیے 16رکنی پاکستانی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
سرفراز احمد(کپتان)، امام الحق، شان مسعود، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حسین طلعت، شاداب خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد رضوان، حسن علی، محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری۔
دونوں ٹیموں کے درمیان شیڈول تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
تبصرے (3) بند ہیں