سام سنگ نے دنیا کا پہلا مائیکرو ایل ای ڈی ٹی وی متعارف کرادیا
مائیکرو ایل ای ڈی ٹی وی ڈسپلے ٹیکنالوجی میں ایک دہائی کے دوران سامنے آنے والی نئی ٹیکنالوجی ہے اور سام سنگ نے اس پر مبنی پہلا ٹیلیویژن متعارف کرادیا ہے۔
سام سنگ کو توقع ہے کہ بہت جلد اس ٹیکنالوجی پر بننے والی ٹی وی لوگوں کے گھروں میں او ایل ای ڈی اور ایل سی ڈی کی جگہ لیں گے اور یہ 4 کے ریزولوشن والے سب سے چھوٹے حجم والے ٹی وی بھی ہیں۔
مزید پڑھیں : ایل جی نے ایک بار پھر منفرد ٹی وی متعارف کرادیا
سام سنگ کا نیا 75 انچ کا مائیکرو ایل ای ڈی ٹی وی لاس ویگاس میں سال رواں کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی نمائش کنزیومر الیکٹرونکس شو میں متعارف کرایا گیا۔
جیسا نام سے عندیہ ملتا ہے کہ مائیکروایل ای ڈی میں لاکھوں ننھے ایل ای ڈیز کو تصویر بنانے کے لیے استعمال کیا گیا ہے اور کمپنی نے وعدہ کیا ہے کہ یہ او ایل ای ڈی جیسے معیار کی تصویر فراہم کرے گا، جبکہ برائٹنس پہلے سے بہتر ہوگی۔
امیج کوالٹی سے ہٹ کر سام سنگ کا یہ ٹی وی موڈیولر ہے اور اس میں لگے پینلز انفرادی طور پر تنہا یا دیگر سے مل کر حقیقی معنوں میں بڑی اسکرینز بناسکتے ہیں۔
آسان الفاظ میں اس ٹی وی کا حجم آپ اپنی مرضی سے چھوٹا یا بڑا کرسکتے ہیں بس پینلز کو نکالنا یا ان کا اضافہ کرنا ہوگا۔
75 انچ کے ٹی وی کے ساتھ سام سنگ نے گزشتہ سال کے 146 انچ کے ٹی وی دی وال کا مزید بڑا ورژن بھی پیش کیا جو کہ 219 انچ کا ہے۔
سام سنگ پہلے اعلان کرچکی ہے کہ 2019 میں وہ صارفین کے لیے مائیکرو ایل ای ڈی ٹی وی متعارف کرانے والی ہے تاکہ اس نئی ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھایا جاسکے جس میں پتلے پینلز کو استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سام سنگ کا پینٹنگ گیلری جیسا فریم لیس ٹی وی
سام سنگ کی جانب سے مائیکرو ایل ای ڈی ڈسپلے کی فروخت کی تاریخ یا قیمت کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا۔