امریکی معمرسائیکلسٹ سے ریکارڈ واپس لے لیا گیا
امریکا کے ماسٹرز ٹریک نیشنل چمپیئن شپس میں 90 سال سے 94 سال کی عمر کے گروپ کے مقابلوں میں عالمی ریکارڈ بنانے والے 90 سالہ سائیکلسٹ کارل گروف سے مثبت ڈوپنگ ٹیسٹ کے بعد ریکارڈ واپس لے لیا گیا۔
آسٹریلوی ویب سائٹ اے بی سی کی رپورٹ کے مطابق 90 سالہ امریکی سائیکلسٹ ڈوپنگ ٹیسٹ میں ناکام رہے۔
کارل گروف نے گزشتہ برس جولائی میں امریکی ماسٹرز ٹریک نیشنل چمپیئن شپس میں عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔
امریکی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کا کہنا تھا کہ کارل گروف سے مثبت ڈوپنگ ٹیسٹ کے باعث ٹائٹل واپس لے لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معمر سائیکلسٹ کے مثبت ٹیسٹ کی وجہ ریس سےقبل ملاوٹ شدہ گوشت کھانا تھی۔
اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے کہا کہ کارل گروف نے اس کے علاوہ دیگر ملاوٹ شدہ چیزیں بھی کھائیں اور خود اعتراف بھی کیا کہ انہوں نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
گارجین کی رپورٹ کے مطابق اسی مقابلے میں کیے گئے یورین ٹیسٹ میں ملاوٹ شدہ گوشت کے علاوہ ممنوعہ اشیا کے استعمال کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
یاد رہے کہ 2012 میں اسپین کے سابق مشہور سائیکلسٹ البرٹو کونٹاڈور کو 2010 کے ٹوردی فرانس میں ملاوٹ شدہ اشیا کے استعمال پر 2 سالہ پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور پہلی مرتبہ ملاوٹ شدہ اشیا کے استعمال کا انکشاف ہوا تھا۔