• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بلوچستان میں 2 دھماکے، سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی

شائع January 6, 2019
پولیس کے مطابق پشین میں ہونے والے دھماکے میں دہشت گردوں نے نائب تحصیلدار عبدالمالک ترین کو نشانہ بنایا تھا — فوٹو: سید علی شاہ
پولیس کے مطابق پشین میں ہونے والے دھماکے میں دہشت گردوں نے نائب تحصیلدار عبدالمالک ترین کو نشانہ بنایا تھا — فوٹو: سید علی شاہ

بلوچستان کے علاقے پشین اور پنجگور میں ہونے والے 2 بم دھماکوں کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس افسر طاہر محمود نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے پشین میں ہونے والے دھماکے کی تصدیق کی اور بتایا کہ دہشت گردوں نے حملے میں لیویز کے نائب تحصیلدار عبدالمالک ترین کو نشانہ بنایا تھا جب وہ آفس میں داخل ہورہے تھے۔

پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ میں خودکش دھماکا، پولیس اہلکاروں سمیت 31 افراد جاں بحق

دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے — فوٹو: سید علی شاہ
دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوئے — فوٹو: سید علی شاہ

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے میں نائب تحصیلدار، 2 لیویز اہلکار اور 7 شہری زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔

بعد ازاں نائب تحصیلدار اور لیویز اہلکاروں کو کوئٹہ میں سول ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ڈاکٹرز کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 6 زخمی

واضح رہے کہ صوبہ بلوچستان کا ضلع پشین افغانستان کی سرحد سے منسلک ہے جبکہ مذکورہ علاقے میں دہشت گردوں کی جانب سے اکثر پولیس اور لیویز اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

پولیس نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت لیویز کے نائب تحصیلدار عبدالمالک، لیویز اہلکاروں صلاح الدین اور نثار احمد اور دیگر زخمیوں کی شناخت عبداللہ، محمود، اسحٰق، حبیب اللہ، محمد اکمل، دلبر اور خان محمد کے ناموں سے کی ہے۔

پنجگور میں دھماکا، 2 افراد زخمی

بعد ازاں صوبہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایک ریمورٹ کنٹرول دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں نے پنجگور بازار میں ریموٹ کنٹرول بم سے ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا اور دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی فروسز کی گاڑی تباہ ہوگئی۔

واقعے کے بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024