• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

جنوبی افریقہ میں سیزیز جیتنے کا خواب چکنا چور، پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست

شائع January 6, 2019
جنوبی افریقہ کو سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہوگئی — فوٹو بشکریہ آئی سی سی ٹوئٹر اکاؤنٹ
جنوبی افریقہ کو سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہوگئی — فوٹو بشکریہ آئی سی سی ٹوئٹر اکاؤنٹ

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ نے کھیل کے ہر شعبے میں پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیولینڈز کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کو سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہوگئی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کی 254 رنز کی برتری میچ میں واضح فرق ثابق ہوئی جو جنوبی افریقہ کی پُر اعتماد بیٹنگ کی بدولت ممکن ہوسکا۔

پاکستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کے لیے قومی ٹیم تر نوالہ ثابت ہوئی بغیر کسی مزاحمت کے میزبان ٹیم نے سیریز ہی اپنے نام کرلی۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ کی وکٹیں ٹیسٹ کرکٹ کیلئے موزوں نہیں، آرتھر

پہلی اننگز میں پاکستان کے 177 رنز پر ڈھیر ہونے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم نے پُر اعتماد انداز میں بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنی پہلی اننگز میں 431 رنز بنا کر مہمان ٹیم پر 254 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں پیئر (دونوں اننگز میں صفر) پر آؤٹ ہونے والے جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان فاف ڈیوپلیسی نے اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہوئے سیریز میں اب تک کی واحد سنچری اسکور کی۔

اس اننگز میں پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور محمد عامر نے 4، 4 جبکہ شان مسعود اور محمد عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے ٹیسٹ کی تیسری اننگز میں ایک مرتبہ پھر اظہر علی ایک آسان کیچ لینے میں ناکام ہوگئے، جو کریز پر نئے آنے والے بیٹسمین ٹینڈائی باووما کا تھا جنہوں نے موقع ملنے کے بعد 75 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو پہاڑ جیسی سبقت لینے میں مدد کی۔

یہ بھی پڑھیں: کیپ ٹاؤن میں پاکستانی باؤلرز بے بس، جنوبی افریقہ کی برتری 205رنز

دوسری اننگز میں بھی اوپنر امام الحق اور تجربہ کار اظہر علی کے جلد پویلین لوٹنے کے بعد شان مسعود نے وکٹ کے ایک حصے کو سنبھالا تاہم اس مرتبہ ان کا ساتھ تنقید کی زد میں موجود اسد شفیق نے دیا اور دونوں نے مل کر 132 رنز کی برق رفتار شراکت دار قائم کی۔

اسد شفیق نے 88 رنز بنا کر اپنی پرفارمنس سے ناقدین کے منہ بند کرتے ہوئے اب تک سیریز میں پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلی تاہم ان کے اور 66 رنز بنانے والے شان مسعود کے آؤٹ ہونے کےبعد ٹیم کو پہاڑ جیسی جنوبی افریقی برتری کو ختم کرنے اور میزبان ٹیم کو بڑا ہدف دینے کے لیے کوئی سہارا نہ مل سکا۔

بابر اعظم نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے 72 رنز اسکور کیے اور ٹیم کو نہ صرف خسارے سے نکالا بلکہ جنوبی افریقہ کو کچھ ہدف دینے میں بھی کامیاب ہوگئے۔

جنوبی افریقی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر پاکستان کا 41 رنز کا ہدف مکمل کرتے ہوئے نہ صرف ٹیسٹ میچ بلکہ یہ سیریز اپنے نام کرلی۔

چوتھی اننگز میں پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے واحد وکٹ لی جنہوں نے تھیونس ڈی براؤن کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان بھی پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی تھی اور مہمان ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024