• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

آصف زرداری، بلال بھٹو کو سیاسی طور پر مروائیں گے، شیخ رشید

شائع January 5, 2019
ہم عدلیہ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمارے 2 کیسز پر فیصلہ دیا—فائل فوٹو
ہم عدلیہ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمارے 2 کیسز پر فیصلہ دیا—فائل فوٹو

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایک مرتبہ پھر اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فکر ہے کہ آصف علی زرداری، بلال بھٹو کو سیاسی طور پر مروائیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سال 2019 میں ہم 20 نئی ٹرینیں چلانے کی کوشش کریں گے، ہم نے کوئی نئی ٹرینیں نہیں خریدیں بلکہ پرانی کو ہی ٹھیک کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا عدالتی حکم کے بعد ریلوے کوئی زمین فروخت نہیں کرسکے گی اور ہم سپریم کورٹ کے حکم کے احترام میں صرف 5 سال کی لیز دے رہے ہیں اور اس کے لیے ٹینڈرز جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

مزید پڑھیں: پی اے سی چیئرمین شپ معاملہ: شیخ رشید کا عدالت میں جانے پر غور

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ہم پہلے 2 ماہ میں وی وی آئی پی ٹرینیں چلانے جارہے ہیں اور ہم اس کے کھانے کا ٹھیکہ فائیو اسٹار ہوٹل کو دینا چاہتے ہیں، جس کے لیے ٹینڈرز جاری کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے، ریڈیو پاکستان ریلوے کا اجرا کرنے جارہی ہے، اس کے لیے لائنسن لیں گے اور لاہور ہیڈ کوارٹرز میں 5 سے 10 افراد پر مشتمل عملہ ہوگا، جس کے لیے نجی شعبے سے رابطہ کریں گے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہم عدلیہ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمارے 2 مقدمات پر فیصلہ دیا۔

اس موقع پر سیاسی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی کسی چاپلوس شخص کو نشانہ نہیں بنایا اور رانا ثنااللہ میرے خلاف اس لیے بول رہے ہیں کیونکہ میں شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ جارہا ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ریلوے اراضی کیس کے بعد شیخ رشید نے اعلان کیا تھا کہ وہ شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی(پی اے سی) کا چیئرمین بنانے پر سپریم کورٹ جائیں گے۔

پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ’برصغیر، پاک و ہند کا سب سے بڑا چور، ڈاکو، لٹیرا شہباز شریف ہے، جس آدمی کا کوئی اخلاقی کردار نہ ہو، جس پر کیسز ہوں اسے کیسے سربراہ بنایا جاسکتا ہے‘۔

اس موقع پر انہوں نے ’دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھانے‘ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’چوروں کو چوکیدار نہیں بنایا جاسکتا‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں تبدیلیاں آئیں گی، یہ تبدیلی کا سال ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اقتدار بہت بڑا تجربہ ہوتا ہے اور ایک شخص یا تو اپوزیشن سے سیکھتا ہے یا اقتدار میں آکر اسے تجربہ آتا ہے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میں حکومت میں عوام کی وجہ سے ہوں اور میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ دنیائے سیاست کے سب سے بڑے ’ڈاکو‘ کو پی اے سی کا چیئرمین بنانا تحریک انصاف کا مسئلہ ہے اور میں عوامی مسلم لیگ میں ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

انہوں نے کہا کہ ’اگر مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کا فرد چوری کرے تو 7 سال جبکہ کوئی ہمارا فرد چوری کرے تو 14 سال کی سزا ہونی چاہیے‘۔

رانا ثنا اللہ کے کشمیر سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ’میں کشمیری ہوں اور کشمیر میری زندگی اور موت ہے، میں اس علاقے کو دنیا کے کسی بھی آدمی سے زیادہ جانتا ہوں اور میری وہاں جتنی عزت ہے کسی اور کی نہیں‘۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ میں کہہ چکا ہوں کہ 30 مارچ سے پہلے جھاڑو پھرے گی۔

بھارتی انتخابات سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ 5 ریاستوں میں مودی ہار گئے ہیں اور یقیناً ان کے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی نئی حکومت سے بہتر تعلقات کی بات کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024