• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

نواز شریف کے ’شیر‘ ان کے ساتھ ہیں، مریم نواز

شائع January 3, 2019
ملاقات میں نواز شریف کی والدہ بھی مریم نواز کے ہمراہ موجود تھیں — فائل فوٹو
ملاقات میں نواز شریف کی والدہ بھی مریم نواز کے ہمراہ موجود تھیں — فائل فوٹو

لاہور: مریم نواز نے اپنے والد اور سابق وزیرِاعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کے بعد کہا ہے کہ وہ خیریت سے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔

خیال رہے کہ مریم نواز نے دیگر لیگی رہنماؤں کے ہمراہ العزیزیہ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیرِاعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کی 5 ماہ بعد ٹویٹر پر واپسی

ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں مریم نواز نے بتایا کہ ان کے والد خیریت سے ہیں جبکہ انہوں نے لیگی کارکنان کا نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ لیگی کارکنان اور ان کے ہمدردوں کی دعاؤں سے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے حوصلے بلند ہیں۔

اپنے ایک اور پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف لیگی کارکنان کی دعائیں اور نیک خواہشات کو سابق وزیرِ اعظم تک پہنچاتی ہیں بلکہ انہیں یہ بھی بتاتی ہیں کہ ان کے شیر (لیگی کارکنان) کس طرح ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

والدہ کا بیٹے کو ڈٹے رہنے کا پیغام

ملاقات کے دوران اہلِ خانہ میں نواز شریف کی والدہ اور بھتیجے حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔

والدہ نے اپنے بیٹے کو اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلایا اور ان کا ماتھا بھی چوما۔

نواز شریف کی والدہ نے اپنے بیٹے کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنے موقف پر ڈٹے ہیں تو ڈٹے رہیں اور اس سے پیچھے نہ ہٹیں۔

ملاقات کے دوران حمزہ شہباز اور مریم نواز نے سابق وزیر ملک کی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

کارکنان پارٹی کا اثاثہ ہیں، نواز شریف

علاوہ ازیں لیگی رکن قومی اسمبلی کھیئل داس کوہستانی نے بھی سابق وزیرِاعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کھیئل داس کوہستانی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا حوصلہ بلند ہے اور وہ پر امید ہیں.

لیگی رکن اسمبلی نے نواز شریف سے پارٹی امور بالخصوص سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا.

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی شہباز شریف سے ملاقات، سیاسی منظر نامے پر تبادلہ خیال

کھیئل داس کوہستانی نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اپنے قائد کی قیادت میں متحد ہیں، جبکہ ملاقات کے دوران نواز شریف نے کارکنان کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے.

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی پاکستان کی ترقی کی ضامن جماعت ہے.

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیگی کارکنان پارٹی کا اصل اثاثہ ہیں اور اس کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں.

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024