کنوارے سلمان خان کا شادی شدہ افراد کی زندگی سے متعلق اہم انکشاف
بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان یوں تو 53 سال کے ہونے کے باوجود تاحال کنوارے ہیں، تاہم ان کے زیادہ تر دوست شادی شدہ ہیں۔
نہ صرف سلمان خان کے دوست اداکار بلکہ ساتھی اداکارائیں بھی شادی شدہ ہیں اور بعض تو والدین بھی بن چکے ہیں۔
اگرچہ سلمان خان کی شادی کے حوالے سے کبھی کبھار خبریں سامنے آتی ہیں، تاہم تاحال انہوں نے کسی سے شادی کرنے کے ارادے کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا۔
گزشتہ ایک سال سے خبریں ہیں کہ سلمان خان جلد ہی اٹالین اداکارہ یولیا وانتور سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، جن سے ان کے گزشتہ چند سال سے تعلقات ہیں۔
یولیا وانتور کو سلمان خان اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ بھی دیکھا گیا، جس کے بعد یہ خبریں وائرل رہیں کہ دونوں جلد ہی اپنی شادی کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے، تاہم تاحال انہوں نے اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان نے 52 سال تک کنوارے رہنے کی وجہ بتادی
تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ 53 سال کی عمر تک کنوارے رہنے والے سلمان خان نے سب کے سامنے اپنے شادی شدہ دوست اداکاروں کی زندگی سے متعلق اہم انکشاف کرکے سب کو حیران کردیا۔
سلمان خان کے انکشاف کی ویڈیو بھارتی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور یہ چہ مگوئیاں ہونے لگیں کہ اسی وجہ سے ہی سلمان خان نے آج تک شادی نہیں کی۔
دراصل سلمان خان نے کپل شرما کے آنے والے شو میں شادی شدہ افراد کی زندگی پر بات کرتے ہوئے سب کو حیران کردیا۔
کپل شرما کے شو کی پرومو ویڈیو میں سلمان خان کہتے نظر آتے ہیں کہ انہیں ساتھی اداکار سنجے دت نے شادی کے لیے راضی کرنے کی کوشش کی۔
مزید پڑھیں: سلمان خان شادی سے قبل اپنی ہونے والی بیوی کے لیے فکرمند
سلمان خان نے کہا کہ ایک بار سنجے دت انہیں انتہائی سنجیدگی کے ساتھ شادی کرنے اور شادی کے فوائد بتا رہے تھے کہ اس دوران ان کے فون کی گھنٹی بجی۔
سلمان خان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ سنجے دت نے انہیں بتایا کہ اگر میں شادی کرلوں گا تو بیوی میرا سر دبائے گی، تھکاوٹ کے بعد میری خدمت کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان سے شادی کیلئے نوجوان لڑکی ان کے گھر پہنچ گئی
دبنگ ہیرو نے کہا کہ سنجے دت انہیں شادی کے فوائد بتا رہے تھے تو اس دوران ان کے فون کی گھنٹی مسلسل بجے جا رہی تھی۔
سلمان خان نے بتایا کہ آخر میں تنگ آکر سنجے دت نے شادی کے فوائد کی بات کاٹی اور فون پر بات کرنے کے لیے سائیڈ میں چلے گئے۔
مزید پڑھیں: سلمان کی فلم کے بجائے شادی کو ترجیح
پرومو میں یہ نہیں دکھایا گیا کہ سنجے دت کو دوران گفتگو کس کا فون آیا اور انہوں نے فون پر کیا بات کی، تاہم سلمان خان کے بولنے کے انداز سے پتہ چلتا ہے کہ سنجے دت کو ان کی اہلیہ کا فون آیا ہوگا اور انہوں نے بیوی کے ساتھ انتہائی عاجزی کے ساتھ بات کی ہوگی۔
سلمان خان کا یہ مکمل انکشاف 5 اور 6 جنوری کو کپل شرما شو میں سونی ٹی وی پر دیکھا جا سکے گا۔