نئے سال کا تحفہ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) کی سفارش پر نئے سال کے آغاز سے قبل عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔
اوگرا نے چند روز قبل وزارت پیٹرولیم کو سمری ارسال کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15روپے تک کمی کرنے کی سفارش کی تھی۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 6 روپے تک اضافہ
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کی دیکھی گئی ہے اور رواں ماہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخ گزشتہ ڈیڑھ سال کی کم ترین سطح پر آگئے تھے جس کے بعد پاکستان میں بھی قیمتوں میں کمی کی توقع کی جا رہی تھی۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے یکم نومبر سے پیٹرول کی قیمت میں پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 50 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 15 روپے فی لیٹر سستا کرنے کی سفارش کی تھی۔
اوگرا کی سفارش پر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روہے 86 پیسے فی لیٹر تک کمی کا اعلان کردیا ہے۔
حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 86 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 52 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 16 پیسے فی لیٹر کم کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گیس کی بندش ختم، کراچی میں سی این جی اسٹیشنز پر لمبی قطاریں
قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 90 روپے 97پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 106 روپے 67پیسے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 82 روپے 98 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 75 روپے 28پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہو گا اور یہ 31جنوری 2019 تک کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔