• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

’طالبان کا عروج بھارت کیلئے افغانستان میں تابوت کی آخری کیل ثابت ہوگا‘

شائع December 29, 2018
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان میں موجود فوجی دستوں کی تعداد میں کمی کے منصوبے نے بھارت میں خطرے کی گھنٹی بجادی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ماہرین اب یہ خیال کررہے ہیں کہ بھارت کو طالبان کے خلاف دشمنی پر مبنی رویے میں تبدیلی لانا ہوگی کیوں کہ آئندہ صورتحال میں وہ افغانستان میں انتہائی اہم اثرو رسوخ کی حیثیت کے حامل ہوں گے۔

متعدد بھارتی اور امریکی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والے تبصروں میں بھارتی دانشوروں اور تھنک ٹینک ماہرین نے اس بات کا اظہار کیا کہ واشنگٹن افغانستان سے اپنی فوج کا مکمل انخلا کرسکتا ہے جس سے پاکستان اور طالبان دونوں کو فائدہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کا افغانستان سے 50 فیصد سے زائد فوج واپس بلانے کا فیصلہ

اس سلسلے میں ماضی میں پاکستان میں کام کرنے والے بھارتی انٹیلی جنس عہدیدار ’اویناش موہنانے‘ نے امریکی جریدے اکنامک ٹائمز میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں لکھا کہ ’یہ دہلی کے لیے ایک بری خبر ہے، جس کے نتائج کے لیے تیار ہونا ضروری ہے‘۔

انہوں نے بھارت کو خبردار کیا کہ پہلے واشنگٹن سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ افغانستان سے جلد بازی میں انخلا نہ کرے، اور اس کے بعد طالبان تک رسائی حاصل کرے کیوں کہ’ان کا متوقع عروج’افغانستان میں اشرف غنی کی حکومت اور بھارتی اثر و رسوخ کے لیے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا‘۔

ان کے مطابق بھارت کا بنیادی مقصد یہ ہونا چاہیے کہ افغانستان اس کے ساتھ دوستانہ رویہ برقرار رکھے، جس میں دشمنی کے رویے کی گنجائش نہیں ہوگی‘۔

مزید پڑھیں: ‘افغانستان امریکی فوجیوں کیلئے قبرستان بن گیا‘

واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ امریکا افغانستان سے 14 ہزار دستوں پر مشتمل اپنی فوج کے نصف سے زائد دستے واپس بلوالے گا، جس کے بعد ان قیاس آرائیوں نے جنم لیا تھا کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کی واپسی اس کے ہمسایہ ممالک خاص کر پاکستان پر کس طرح اثر انداز ہوگی۔

دوسری جانب اسلام آباد نے بھی اسے ایک بہت بڑی پیش رفت قرار دیا تھا جس کے بعد گزشتہ ہفتے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 4 ممالک، افغانستان، چین، روس اور ایران کا دورہ بھی کیا تھا تا کہ کابل میں پر امن منتقلی کو یقینی بنایا جاسکے۔

اس سلسلے میں بھارتی دانشور وں کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی صورتحال کو تبدیل کرسکتی ہے جس کے لیے ’بھارتی اسٹریٹجک پالیسی میں تبدیلی کی ضرورت ہے‘ تا کہ پاکستان اور طالبان دونوں سے روابط رکھے جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: ’امریکا، افغانستان میں چین، روس اور ایران کو اہم کردار کے طور پر دیکھتا ہے‘

اس ضمن میں بھارتی تھنک ٹینک آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن کے ہرش پنت نے لکھا کہ افغانستان سے امریکی انخلا ’بتدریج خانہ جنگی میں تبدیل ہوسکتا ہے‘ کیوں کہ نہ صرف مقامی کردار طاقت کے حصول کے لیے لڑیں گے بلکہ ’متعدد علاقائی اسٹیک ہولڈرز بھی اپنی اپنی ترجیحات کےحساب سے میدانِ جنگ کو تبدیل کرنے کی کوشش کریں گے۔

ہرش پنت نے خبردار کیا کہ افغانستان میں طالبان کے مضبوط ہونے سے ان کا اثر ہمسایہ ملک پاکستان اور کشمیر میں پھیلے گا جو بھارت کے لیے ایک بری خبر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024