آصف علی زرداری کی نااہلی سے متعلق درخواست ابتدائی سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد: الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نااہلی سے متعلق درخواست ابتدائی سماعت کے لیے مقرر کرلی۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی سماعت میں آصف علی زرداری کے خلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سےمتعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما خرم شیر زمان کو ابتدائی سماعت کے لیے نوٹس جاری کردیا۔
سابق صدر کے خلاف نااہلی کی درخواست پر ابتدائی سماعت آئندہ ہفتے ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ 19 دسمبر کو وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے آصف علی زرداری کے خلاف الیکشن کمیشن میں ان کی نااہلی سے متعلق ریفرنس دائر کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔
جس کے اگلے ہی روز 20 دسمبر کو پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی خرم شیر زمان نے آصف علی زرداری کو نااہل قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن سندھ میں درخواست جمع کروائی تھی۔
مزید پڑھیں : تحریک انصاف نے آصف زرداری کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کردی
اس حوالے سے بتایا گیا تھا کہ صوبائی الیکشن کمیشن نے درخواست وصول کرنے سے انکار کیا تھا لیکن پھر اصرار پر درخواست وصول کرلی۔
صوبائی الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کارروائی صرف الیکشن کمیشن اسلام آباد ہی کرسکتا ہے۔
درخواست جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا تھا کہ ’ہم نے ثبوت کے ساتھ درخواست جمع کروائی کہ پاکستان سے پیسے کیسے اور کہاں کہاں بھیجے گئے اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) بیرون ملک جائیداد کی تحقیقات کرے‘۔
پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نیویارک میں جائیداد کے مالک ہیں لیکن انہوں نے الیکشن کمیشن میں جمع کروائے گئے گوشوارے میں امریکا کی جائیداد ظاہر نہیں کی۔
انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا تھا کہ آصف علی زرداری آئین کے مطابق صادق اور امین نہیں رہے اس لیے انہیں ان کی انتخابی نشست سے نااہل قرار دیا جائے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا تھا کہ یہ وہی معاملہ ہے جس پر نواز شریف کو بھی نااہل قرار دیا گیا تھا، اب آصف علی زرداری اب آصف علی زرداری ثابت کریں کہ ہم غلط ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آصف علی زرداری کی 'خفیہ جائیداد' سے متعلق علی زیدی کا انکشاف
خیال رہے چند روز قبل وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں آصف علی زرداری کی امریکا میں موجود جائیداد کی دستاویزات منظر عام پر لانے کا دعویٰ کیا تھا۔
انہوں نے آصف علی زرداری کی زیر ملکیت جائیداد پر پراپرٹی ٹیکس کی دستاویز ٹویٹ کی تھیں۔
علی حیدر زیدی کے ٹویٹ کے مطابق 524 ایسٹ، اسٹریٹ 72، اپارٹمنٹ ایف 37 نیویارک کی ٹیکس رسیدوں پر آصف زرداری کا نام واضح طور پر موجود ہے۔
خیال رہے کہ 2015 کے جعلی اکاؤنٹس اور فرضی لین دین کے مقدمے کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری، ان کی بہن فریال تالپور اور ان کے کاروباری شراکت داروں سے تحقیقات بھی جاری ہیں ۔