• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستانی بیٹنگ پھر ناکام، جنوبی افریقہ کو فتح کیلئے 149رنز کا ہدف

شائع December 27, 2018
جنوبی افریقہ فاسٹ باؤلر ڈوان اولیویئر پاکستانی اوپننگ بلے باز امام الحق کو آؤٹ کرنے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقہ فاسٹ باؤلر ڈوان اولیویئر پاکستانی اوپننگ بلے باز امام الحق کو آؤٹ کرنے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈوان اولیویئر کی تباہ کن باؤلنگ کے سبب پاکستانی ٹیم 190 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور جنوبی افریقہ کو میچ میں فتح کے لیے 149رنز کا ہدف دیا ہے۔

سنچورین میں جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جنوبی افریقہ نے 127 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو ٹیمبا باووما اور ڈیل اسٹین وکٹ پر موجود تھے۔

بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز محمد عامر نے نائٹ واچ مین ڈیل اسٹین 23 رنز بنانے کےبعد 146 کے اسکور پر آؤٹ کردیا۔

اس وکٹ ساتھ ہی ایسا محسوس ہورہا تھا کہ جنوبی افریقہ پاکستان کے پہلی اننگز کے مجموعے تک بھی نہیں پہنچ سکے گی، تاہم کوئنٹن ڈی کوک نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے میں مدد دی۔

وکٹ کے دوسری جانب پاکستان باؤلرز نے اپنا دباؤ بنا کر رکھا اور پوری ٹیم 223 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیمبا بووما 53 اور کوئنٹن ڈی کوک 45 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور شاہین آفریدی نے 4، 4 جبکہ حسن علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 181 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ جنوبی افریقہ کو پاکستان کے کم اسکور کے باوجود صرف 42 رنز کی ہی برتری حاصل ہوسکی۔

سنچورین میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 42 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پہلی انگز کی نسبت اوپننگ بلے بازوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پاکستان کے شاہین آفریدی وکٹ لینے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں — فوٹو، اے پی
پاکستان کے شاہین آفریدی وکٹ لینے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں — فوٹو، اے پی

اوپنرز امام الحق اور فخر زمان نے ٹیم کو 44 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن فخر ایک غیرضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اولیویئر کو وکٹ دے بیٹھے۔

امام کا ساتھ دینے شان مسعود آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی سنچری مکمل کراتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔

تاہم 101 کے مجموعے پر اولیویئر نے امام الحق کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن کی تباہی کا دروازہ بھی کھول دیا، امام 57رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اسکور میں دو رنز کے اضافے سے ہی تجربہ کار اظہر علی بھی اولیویئر کا شکار بن گئے اور پاکستانی ٹیم 103 رنز پر تین وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔

شان مسعود اور اسد شفیق نے اسکور کو 134 تک پہنچایا ہی تھا کہ دائیں ہاتھ کے بلے باز آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ دے کر ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کر گئے۔

پہلی اننگز میں 71رنز کی باری کھیلنے والے بابر اعظم بھی اس مرتبہ مشکل وقت میں ٹیم کے کام نہ آ سکے اور صرف چھ رنز بنا کر کگیسو ربادا کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ کپتان سرفراز مسلسل دوسری اننگز میں صفر پر پویلین لوٹے۔

محمد عامر اور شان مسعود نے اسکور 158 تک پہنچایا لیکن ربادا کے ہاتھوں ان کی اننگز بھی اختتام پذیر ہوئی جبکہ ایک گیند بعد ہی یاسر شاہ بھی وکٹ کیپر کو کیچ دے کر چلتے بنے۔

اس مرحلے پر حسن علی اور شان مسعود کی جوڑی نے نویں وکٹ کے لیے قیمتی 36رنز جوڑ کر کچھ مداوا کرنے کی کوشش کی لیکن اسٹین کی گیند کو میدان سے باہر پھینکنے کی کوشش میں ناکامی پر شان مسعود کی 65رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

اس کے بعد جنوبی افریقہ کو پاکستانی ٹیم کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور اولیویئر نے شاہین آفریدی کی وکٹ حاصل کے ساتھ اننگز میں ایک مرتبہ پھر پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ سر انجام دیا۔

پاکستان کی ٹیم دوسری اننگز میں 190 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور 42 رنز کے خسارے کے سبب جنوبی افریقہ کو میچ میں فتح کے لیے 149رنزک ا ہدف دیا ہے۔

پہلی اننگز میں 6 وکٹیں لیننے والے ڈوان اولیویئر نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کی بدولت میچ میں مجموعی طور پر 11وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کا دوسرا دن بھی باؤلرز کے نام رہا اور پہلے دن کی طرح دوسرے دن بھی مجموعی طور پر 15وکٹیں گریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024