ہولی وڈ اداکار پر لڑکے پر جنسی حملہ کرنے کا الزام عائد
آسکر ایوارد یافتہ امریکی گلوکار، پروڈیوسر و اداکار 59 سالہ کیون اسپیسی پر مقامی عدالت نے 2 سال قبل شراب نوشی کے بعد 18 سالہ لڑکے پر جنسی حملہ کرنے کا الزام عائد کردیا۔
ریاست میساچوٹس کی کاؤنٹی نینٹو کیٹ کی عدالت نے 59 سالہ کیون اسپیسی پر 2016 میں ہوٹل کے باہر شراب نوشی کی حالت میں خاتون نیوز اینکر کے بیٹے پر جنسی حملہ کرنے کا الزام عائد کردیا۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق کیون اسپیسی پر ایک سال قبل اکتوبر 2017 میں سابق نیوزاینکر ہیتھر انراہ نے الزام عائد کیا تھا کہ اداکار نے ان کے بیٹے کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی۔
نیوز اینکر نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ کیون اسپیسی نے جولائی 2016 میں نینٹو کیٹ کے ایک کلب کے باہر نشے کی حالت میں ان کے 18 سالہ بیٹے پر جنسی حملہ کردیا۔
ہیتھر انفراہ کا کہنا تھا کہ اداکار نے ان کے بیٹے کی پینٹ اتارنے کے بعد ان کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: ‘ریپ’ الزامات کے تحت بل کوسبی کو جیل قید اور جرمانے کی سزا
نیوز اینکر کے مطابق ان کے بیٹے نے خوف اور ڈر کی وجہ سے واقعے کی رپورٹ درج نہیں کروائی۔
کیون اسپیسی پر خاتون نیوز اینکر نے ایک ایسے وقت میں الزام عائد کیا تھا، جب کہ ان پر دیگر خواتین اور افراد نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کر رکھے تھے۔
کیون اسپیسی پر 18 سالہ لڑکے پر جنسی حملے کے الزام کے علاوہ ساتھی اداکار اینتھونی رپ نے بھی ریپ کا الزام عائد کر رکھا ہے۔
اینتھونی رپ کے مطابق جب ان کی 14 سال تھی اس وقت کیون اسپیسی نے انہیں ریپ کا نشانہ بنایا اور اس وقت کیون کی عمر 26 سال تھی۔
اینتونی رپ کے علاوہ کیون اسپیسی پر ان کے نیٹ فلیکس کے معروف ڈرامے ہاؤس آف کارڈز کی اداکاراؤں اور ٹیم میں شامل 8 خواتین نے بھی جنسی ہراساں کے الزامات عائد کر رکھے ہیں۔
مزید پڑھیں: ہاروی وائنسٹن پر جنسی جرائم کی مزید فرد جرم عائد
کیون اسپیسی پر ہاؤس آف کارڈز کی خواتین کی جانب سے الزامات سامنے آنے کے بعد انہیں ڈرامے سے الگ کردیا گیا تھا۔
اگرچہ کیون اسپیسی نے پہلے بھی خود پر لگے الزامات کو مسترد کیا تھا، تاہم اب مقامی عدالت نے ان پر لڑکے کے ساتھ ریپ کی کوشش کا الزام عائد کردیا۔
عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد کیون اسپیسی نے ایک ویڈیو بھی جاری کی، جس میں وہ اپنے خلاف لگے الزامات کو ایک بار پھر مسترد کرتے نظر آئے۔
انہوں نے عدالتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کس طرح ثبوتوں اور حقائق کے بغیر کسی پر الزام عائد کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ‘ریپ‘ الزامات کو 15 سال گزرجانے پر امریکی گلوکار کے خلاف مقدمہ خارج
اسی کیس میں اب کیون اسپیسی آئندہ ماہ 7 جنوری کو عدالت میں پیش ہوں گے، جہاں ان کے خلاف فرد جرم کی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔
کیون اسپیسی ہولی وڈ کی پہلی شخصیت نہیں ہیں، جن پر حالیہ سالوں میں جنسی ہراساں کے الزامات کے تحت الزام عائد کیا گیا ہو۔
اس سے قبل پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن اور اداکار بل کوسبی سمیت چند اداکاروں پر بھی اس طرح کی فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔
بل کوسبی کو خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ کا نشانہ بنانے کے الزام میں جیل بھی بھیج دیا گیا ہے، جب کہ ہاروی وائنسٹن پر گھر میں نظر بند ہیں، تاہم ان کے خلاف مکمل فیصلہ نہیں آیا۔