• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بی این پی مینگل لاپتہ افراد کے مسئلے پر آرمی چیف سے ملاقات کی خواہاں

شائع December 25, 2018
بی این پی مینگل کے وفد نے وزیراعظم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی—فوٹو ڈان اخبار
بی این پی مینگل کے وفد نے وزیراعظم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی—فوٹو ڈان اخبار

اسلام آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی(مینگل) کے رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کے معاملےپر ان کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات طے کروائی جائے۔

ملاقات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے نواب اختر مینگل نے ڈان کو بتایا کہ ’ہم نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ ہماری ملاقات آرمی چیف سے طے کروائی جائے تا کہ ہم لاپتہ افراد کے حوالے سے اپنی تشویش سے آگاہ کرسکیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں گزشتہ ملاقات میں یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ بی این پی مینگل کے رہنماؤں اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات طے کروائیں گے جس پر آج ہم نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا وعدہ پورا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: نظرانداز کیا گیا تو بی این پی حکومتی اتحاد چھوڑ دے گی، اختر مینگل

بلوچ رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے کہ وہ جلد اس بارے میں آرمی چیف سے گفتگو کریں گے اور ملاقات کے وقت اور دن کا تعین کر کے بی این پی رہنما کو آگاہ کردیں گے۔

واضح رہے کہ 29 نومبر کو ایک پریس کانفرنس میں اختر مینگل کا کہنا تھا کہ لاپتہ افراد کے مسئلے کا سیاسی حل نکالا جائے اور ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیمز کی تعمیر اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کی تعمیر سے صوبے کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے لاپتہ افراد کے مسئلے پر پیش رفت نہ ہونے پر حکومت کو بھی تنقیدکا نشانہ بنایا تھا اور اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا تھا کہ ان کی بازیابی کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: حکومت لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کچھ نہیں کررہی، سردار اختر مینگل

ایک سوال کے جواب میں اختر مینگل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی اور وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ انہیں لوگوں کے مسائل کے حل اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بروقت آگاہ کرتے رہیں۔

وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے بی این پی مینگل کے وفد میں اراکینِ قومی اسمبلی محمد اختر مینگل، آغا حسن بلوچ، محمد ہاشم، پروفیسر شہناز بلوچ اور اراکینِ صوبائی اسمبلی میر ہامل اور ثناءاللہ بلوچ شامل تھے۔

اس کے علاوہ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے بھی وزیراعظم عمران خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت اعلان کر دے کہ پاکستان عالمی یتیم خانہ ہے، اختر مینگل

دوسری جانب وزیراعظم نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا ، دونوں کی ملاقات پاکستان مسلم لیگ(ن) کی جانب سے نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سنائی جانے والی متوقع سزا پر دھرنے کے اعلان کے تناظر میں ہوئی۔


یہ خبر 25 دسمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024