زرداری کیس لٹکانے کے ماہر ہیں، نواز شریف ان سے مشورہ کرلیتے، شیخ رشید
وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی جلد کٹہرے میں کھڑا کرنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری مقدمات کو لٹکانے کے ماہر ہیں اس لیے نواز شریف ان سے ہی مشورہ کرلیتے۔
لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے شریف خاندان اور سابق صدر آصف علی زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ‘نواز شریف نے بہت غیر ذمہ دارانہ طریقے سے کیس لڑا اس لیے فیصلہ تو ایسا ہی آنا تھا، کم از کم آصف علی زرداری سے مشورہ ہی کر لیتے کیونکہ آصف علی زرداری مقدمات کو لٹکانے کے ماہر ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو منی ٹریل ثابت کرنے کا پورا موقع دیا گیا لیکن خواجہ حارث نے غیر ذمہ دارانہ طریقے سے کیس لڑا۔
یہ بھی پڑھیں:العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید، فلیگ شپ ریفرنس میں بری
وزیر ریلوے نے کہا کہ اسمبلی میں ٹی او آرز طے نہیں ہوئے تو معاملہ سپریم کورٹ چلا گیا اور ان مقدمات میں موجودہ حکومت اور عمران خان کا کوئی ہاتھ نہیں، عمران خان کومخالفین کی چالاکیوں کا علم نہیں۔
ان کا کہنا تھا ‘نواز شریف اور آصف علی زرداری کے بچوں کو معلوم ہی نہیں کہ ان کے والد ان سے ہاتھ کرگئے ہیں، دونوں بڑے خاندانوں نے بچوں کے ساتھ ہاتھ کر دیا ہے’۔
عدالت کے فیصلے کے بعد آنے والے ردعمل کے حوالے سے طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اب پریس کانفرنس کے بجائے ٹویٹس کی برسات ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دو دن شور مچایا گیا کہ اسلام آباد میں طوفان آرہا ہے، یہ لوگ معاشی دہشت گرد ہیں اور انہوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔
مزید پڑھیں:زرداری، بحریہ ٹاؤن اور اومنی گروپس کی زیر تفتیش جائیداد کی خریدوفروخت پر پابندی عائد
وزیر ریلوے نے کہا کہ شریف برادران نے زندگی کا ایک حصہ دولت اکٹھی کرنے اور دوسرا حصہ دولت بچانے میں صرف کیا لیکن اب ساری زندگی جیل میں گزاریں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شاہدخاقان کہتے ہیں کہ عدلیہ پر یقین رکھتے ہیں لیکن فیصلہ نہیں مانتے، 30 مارچ تک جھاڑو پھر جائے گا اور شاہد خاقان عباسی بھی ایل این جی کیس میں جلد کٹہرے میں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لڑائی کا وقت آتا ہے تو یہ این آر او مانگتے ہیں، پاناما لیکس کے بعد لوگوں کی آنکھیں کھلی ہیں۔