• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

نواز شریف کا دفاع کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، وزیر اطلاعات

شائع December 24, 2018
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں— اسکرین شاٹ
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں— اسکرین شاٹ

احتساب عدالت سے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 7سال کی سزا کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا اصل چہرہ سامنے آ گیا اور ان کا دفاع کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نواز شریف بری کرتے ہوئے العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید بامشقت اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی۔

مزید پڑھیں: العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید، فلیگ شپ ریفرنس میں بری

نواز شریف پر ڈیڑھ ارب روپے اور 25 لاکھ پاؤنڈ (تقریباً 44 کروڑ پاکستانی روپے) یعنی کل ایک ارب 94 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا اور ان کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا گیا۔

سابق وزیر اعظم کو سزا کے بعد وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو لوگ اب بھی نواز شریف کا دفاع کر رہے ہیں انہیں شرم آنی چاہیے کیونکہ اس تمام معاملے میں استعمال ہونے والا پیسہ پاکستانی عوام کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے قانون کے مطابق اگر کوئی شخص اپنی آمدنی کے ذرائع کو ثابت کرنے میں ناکام رہے تو اسے کرپشن تصور کیا جائے گا اور نواز شریف اپنی آمدنی کے ذرائع ثابت نہ کر سکے جس کی وجہ سے انہیں 7سال قید کی سزا ہوئی۔

اس موقع پر شہزاد اکبر نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا کو سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کے خلاف جعلی اکاؤنٹ کیس کے سلسلے میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ کے حوالے سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: زرداری، بحریہ ٹاؤن اور اومنی گروپس کی زیر تفتیش جائیداد کی خریدوفروخت پر پابندی عائد

انہوں نے کہا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے جس طرح ناجائز پیسے کے جال کو بےنقاب کیا، اس پر انہیں داد دینی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اومنی گروپ میں جے آئی ٹی نے 11ہزار 500 اکاؤنٹس کاجائزہ لیا گیا اور 100 سے زائد جعلی اکاؤنٹس تھے جسے 32 بڑے اکاؤنٹس تک محدود کیا گیا۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ بتاتی ہے کہ سندھ میں کیسے لوٹ کھسوٹ ہوتی ہے اور اتنی کرپشن ہوئی کہ اب سمجھ میں آتا ہے پاکستان گرے لسٹ میں کیوں ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں خصوصی طور پر اندرون سندھ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے کرپشن کرنے کے رداری سسٹم کی نشاندہی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: پیپلز پارٹی نے جے آئی ٹی کی رپورٹ مسترد کردی

وزیر اعظم کے مشیر احتساب نے کرپٹ عناصر کو آصف زرداری کے سامنے طفل مکتب قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیکٹریوں سے لے کر لینڈ گریبنگ تک سندھ میں کیا نہیں ہوا، سب جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رپورٹ نے اومنی گروپ کے ناجائز پیسے کے جال کو بے نقاب کیا جہاں لوٹ کھسوٹ کے پیسوں کو چھپانے کے لیے پیچیدہ جال بنایا گیا تھا۔

نیب نوازشریف کے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکا،مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو سزا ہونے پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اڑھائی سال کے کڑے احتساب کے باوجود نیب نوازشریف صاحب پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکا اور نہ ہی اپنے الزامات کا کوئی ثبوت دے سکا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج عمران خان کے جھوٹے الزامات بے نقاب ہوگئے،انہوں نے مزید کہا کہ فواد صاحب اب آپ دوسروں پر الزام لگانے کے بجائے علیمہ خان کا حساب دیں اور جہانگیر ترین کی لوٹی ہوئی رقم واپس پاکستان لے کر آئیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی ٹیم بوکھلاہٹ کا شکار ہے کہ نواز شریف کے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے تمام الزامات جھوٹے ثابت ہوئے اور فیصلہ آنے کے بعد وزراء دماغی توازن کھو بیٹھے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے 165 پیشیاں بھگت کر انتقامی احتساب کے سامنے ایک نئی مثال قائم کی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان علیمہ باجی کے نام پربنائی گئی بے نامی جائیدادوں اور جہانگیر ترین کے باورچی اور مالی کے نام پر اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا جواب دیں۔

حکومت میڈیا پربدترین سینسرشپ عائد کر رہی ہے

مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ حکومت میڈیا کے فنڈز بند کرکے میڈیا کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے میڈیا ورکر، صحافی برادری بے روزگار ہورہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میڈیا پربدترین سینسرشپ عائد کر رہی ہے، موجودہ حکومت کا مقصدجبر کے ہتھکنڈوں سے میڈیا کو کنٹرول کرنا اور چینلز کو بند کرنا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان سمجھ لیں دوسروں کی آواز بند کرتے کرتے حکومت کی اپنی آواز بند ہونے والی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024