• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm

مریم نواز نے احتساب عدالت کے فیصلے کو انتقام کی آخری ہچکی قرار دے دیا

شائع December 24, 2018
مریم نواز — فائل فوٹو
مریم نواز — فائل فوٹو

اسلام آباد: مریم نواز نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی 7 سال قید کی سزا کو ان کے خلاف انتقام کی آخری ہچکی قرار دے دیا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے فلیگ شپ ریفرنس میں بری کرنے اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا دیے جانے کے بعد مریم نواز کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت کو نواز شریف کا خوف چین نہیں لینے دے رہا، اب ان کے تھوڑے ہی دن باقی رہ گئے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ ایک ہی شخص کو کتنی بار نشانہ بنایا جائے گا؟ کتنی مرتبہ سزا دی جائے گی؟ اور کتنی بار جیل بھیجا جائے گا۔

فیصلے کے بعد اپنے پیغام مریم نواز نے کہا کہ ایک ہی شخص کو چوتھی مرتبہ سزا دے دی گئی اور یہ اندھے انتقام کی آخری ہچکی ہے۔

انہوں نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتنی سزائیں دینے کے بعد بھی فتح نواز شریف کی ہوئی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ تقریباً ڈھائی سال کے طویل انتقام نما احتساب اور شریف خاندان کی تین نسلیں کھنگالنے کے بعد نہ ہی ایک پائی کی کرپشن ثابت ہوئی، نہ ہی کوئی کک بیک ثابت ہوا اور نہ ہی قومی خزانے میں خیانت کے ثبوت ملے۔

مریم نواز نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا نواز شریف کے خلاف جتنے بھی فیصلے آئے وہ تمام ان کے مرحوم والد محمد شریف کے ذاتی کاروبار کے حوالے سے آئے اور ان میں کچھ غلط نہ مل سکا تو مفروضوں کی بنیاد پر نیب ریفرنسز میں سزائیں سنائی گئیں۔

مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے سامنے آنے والا یہ فیصلہ نواز شریف کی امانت، صداقت اور دیانت پر ایک اور مہر ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ فیصلے انشا اللہ ختم ہو جائیں گے لیکن جو باقی رہ جائے گا وہ نواز شریف کی سچائی ہوگی اور مخالفوں پر ظلم کا بوجھ ہوگا جسے مخالفین ڈھوتے رہیں گے۔

اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ کیونکہ حکومت، طاقت اور اختیارات ہوتے ہی ختم ہونے کے لیے ہیں، وقت بدلتے اور حالات الٹتے میں دیر نہیں لگتی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ 'یاد رکھیں کہ ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔'

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف الزامات میں رتی برابر بھی سچائی ہوتی، ثبوت ہوتے یا ایک بھی گواہی ہوتی تو 10 ہزار درہم کو بہانہ نہ بنایا جاتا جبکہ خاندانی کاروبار اور جائز ذاتی لین دین کا سہارا نہیں لینا پڑتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہی نواز شریف کی فتح ہے، ان کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کا ہر ووٹر آج کے فیصلے کے بعد سرخرو ہوا ہے۔

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں نواز شریف کی صاحبزادی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومتیں سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے پر نہیں بلکہ اپنے کردار اور کارکردگی پر چلتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہی حکومت کی کمزوری کی دلیل ہے کہ حکومتی اہلکار ہر روز یہ سوچ کر دفاتر کا رخ کرتے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف آج کیا کرنا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اب نواز شریف اور بھی مضبوط ہوں گے اور دوبارہ ملکی سیاست میں واپس آئیں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Dec 24, 2018 06:02pm
نواز شریف کے بیٹے کاروبار کو آگے بڑھا سکتے ہیں، باپ کو جائز ذاتی لین دین قرار دے کر ٹیکس بچانے کے نام پر کروڑوں روپے تحائف کی صورت میں دے سکتے ہیں مگر باپ کے حق میں گواہی دینے نہیں آسکتے۔ نوازشریف ایک بار کہہ دیں کہ میری تمام دولت حلال کی ہے مگر میں اس کا ثبوت نہیں دے سکتا اور اپنے بیٹوں کو دولت سمیت ملک لے کر آرہا ہوں جو صرف پاکستان میں ہی کاروبار کرینگے، میں ان کو بے گناہ مان لونگا۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024