نواز شریف، آصف زرداری کی جائیدادیں ضبط کرلی جائیں، نعیم الحق
لاہور: وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے ملک کو بے دردی سے لوٹا ہے ان کی جائیدادیں ضبط ہونے چاہیئں۔
صوبائی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اور سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری پر تنقید کے تیر برسادیے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اقتدار کا غلط استعمال کرکے اپنے مفادات کا تحفظ کیا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قبل از وقت انتخابات کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) ملک کی بڑی سیاسی جماعتیں ہیں انہیں جلسے کرنے اور عوامی رابطہ مہم کا مکمل حق حاصل ہے۔
مزید پڑھیں: نعیم الحق نے ٹی وی پروگرام کے دوران دانیال عزیز کو تھپڑ ماردیا
نعیم الحق نے بتایا کہ ان کی جماعت بھی ملک میں جلسوں کا آغاز کرنے جارہی ہے اور اس سلسلے کا پہلا جلسہ میاں والی میں ہوگا جس سے وزیرِ اعظم عمران خان بھی خطاب کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عنقریب وہ فیصلے آنے والے ہیں جس کے بعد پاکستان کے عوام سمجھ جائیں گے کہ یہ لوگ قوم کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے۔
تحریک انصاف کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ ارب پتی لیڈر شپ ہے جن کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ چاہتے ہیں کہ ان کے بعد قیادت ان کے بچوں کو ہی ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ اقتدار میں رہنے کے لیے تمام اصولوں کو بالائے طاق رکھ دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جب نعیم الحق کو بنی گالہ میں داخل ہونے سے روکا گیا
نعیم الحق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور پیپلز پارٹی کےشریک چیئرمین نے بے دردی سے ملک کو لوٹا ہے اور ان کی جائیدادیں ضبط ہونی چاہیئں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی حکومت جو قانون لانا چاہتی ہے وہ اتنے صاف و شفاف ہیں جس کی مخالفت اپوزیشن نہیں کر پائے گی، تاہم اپوزیشن کا رویہ دیکھیں گے۔
مذکورہ قانون کی وضاحت دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک ایسا نظام لے کر آرہی ہے جس کی مدد سے تمام مقدمات کے فیصلے ایک سال میں ہوں گے۔
پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں بہت بڑی غیرملکی سرمایہ کاری آرہی ہے اور گزشتہ 4 ماہ کے دوران ریکارڈ سرمایہ کاری پاکستان آئی۔
مزید پڑھیں: نواز، زرداری کشمکش میں ہیں کہ آخری عمر گھر میں گزاریں یا جیل میں‘
انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے قرضوں کی دائیگی مسئلے پر قابو پالیا ہے جبکہ اقتصادی بیلنس شیٹ بہتر بنانے کے لیے یو اے ای سے بھی 3 ارب ڈالر مل گئے ہیں۔
سرگودھا یونیورسٹی کے گرفتار پروفیسر جاوید احمد کی نیب کی حراست میں موت واقع ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ امر قابلِ مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کے پولیس کلچر میں تشدد کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
خیال رہے کہ 21 دسمبر کو سرگودھا یونیورسٹی کے غیر قانونی کیمپسز کھولنے کے الزام میں گرفتار پروفیسر جاوید احمد کیمپ جیل میں انتقال کرگئے تھے۔
عمران خان چوروں کو ساتھ بٹھا کر دوسروں پر چوری کا الزام لگاتے ہیں، مریم اورنگزیب
ادھر مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نعیم الحق کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما کی وجہ شہرت کے بارے میں پورا پاکستان جانتا ہے انہیں اس بارے میں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اپنے ساتھ چوروں کو بٹھا کر دوسروں پر چوری کا الزام عائد کر رہے ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان اربوں روپے کی زکوٰۃ میں خوردبرد کا الیکشن کمیشن میں جواب دیں جبکہ وہ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں 4 سال سے مفرور بھی ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ چوری کرکے بننے والی حکومت صرف عوام دشمنی کرسکتی ہے۔