ریلوے کے 20 ارب کا قرضہ کرایوں سے پورا کریں گے، شیخ رشید
پشاور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے کا 20 ارب کا قرضہ کرایوں کی مدد سے پورا کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دارالحکومت میں کراچی اور پشاور کے درمیان رحمٰن بابا ایکسپریس کی افتتاحی تقریب کے دوران کیا۔
شیخ رشید احمد نے بتایا کہ پاکستان ریلوے پر 20 ارب روپے کا قرضہ ہے جسے مسافروں کو وی وی آئی پی سہولیات دے کر اور ان سے کرایے حاصل کرکے پورا کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: صدر مملکت کا کراچی تا دھابیجی لوکل ٹرین کا افتتاح
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے تمام ریلوے اسٹیشنز کے اطراف سے غیر قانونی تجاوزات گرانے کا حکم دے دیا گیا ہے جبکہ قبضہ کی گئی زمینیں جلد خالی کروالی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور راولپنڈی کے درمیان کراچی نان اسٹاپ کے نام سے وی وی آئی پی ٹرین جلد چلائی جائے گی۔
انہوں نے 25 دسمبر کو کراچی سے کنٹینر ٹرین چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 20 کی تعداد میں کنٹینرٹرینیں چلائی جائیں گی اور بتایا کہ اسی روز ہی کراچی سے دوسری کنٹینر ٹرین بھی چلائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی اور پشاور کے درمیان تیز ترین ٹرین سروس کی تیاریاں مکمل
واضح رہے کہ آج افتتاح کی جانے والی رحمٰن بابا ایکسپریس کراچی سے پشاور ٹریک پر چلے گی جو 26 گھنٹوں میں پشاور سے کراچی کا فاصلہ طے کرے گی۔
تاہم رحمٰن بابا ایکسپریس کی پہلی ٹرین پشاور سے کراچی کے لیے روانہ کردی گئی ہے جو کل شام کراچی پہنچے گی۔
رحمٰن بابا ایکسپریس کا فی مسافر کرایہ 1350 روپے رکھا گیا ہے، یہ ٹرین کراچی سے پشاور کے لیے روزانہ صبح 10 بجے روانہ ہوگی۔
عمران خان کو کرپٹ لوگوں کو جیل میں ڈالنے کے ووٹ ملے ہیں، شیخ رشید
اپنے خطاب کے دوران وفاقی وزیرِ ریلوے نے اپنے سیاسی حریفوں کو ایک مرتبہ پھر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں اب ڈاکوؤں اور لٹیروں کو سزا نہ ملی تو ملک کو شدید نقصان ہوگا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کو عوام نے ووٹ اس لیے دیے کہ ملک کے کرپٹ حکمرانوں کو جیل میں ڈالا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں نے اس لیے ووٹ نہیں دیے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین بنادیا جائے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پی اے سی کے چیئرمین کا پروٹوکول ایک وزیر سے بھی زیادہ ہوتا ہے، وہ عدالت پہنچیں گے تو جج ان کا استقبال کرے گا۔