• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

دورہ پاکستان کی دعوت پر کرکٹ آسٹریلیا کا مثبت جواب

شائع December 22, 2018 اپ ڈیٹ December 27, 2018
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مارچ میں سیریز شیڈول ہے—فائل فوٹو
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مارچ میں سیریز شیڈول ہے—فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے آسٹریلوی ٹیم کو دورہ پاکستان کی دعوت پر کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے مثبت جواب سامنے آیا ہے۔

آسٹریلوی اخبار سڈنی مارننگ ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے رابطے پر نرم جواب دیتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا نے 20 سال میں پہلی مرتبہ دوبارہ پاکستان میں کھیلنے کے لیے اپنے دروازے تھوڑے کھول دیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان اپنے کئی انٹرویوز میں یہ بات واضح کرچکے ہیں کہ وہ جلد از جلد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو 2020 ایشیا کپ کی میزبانی مل گئی

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے آخری مرتبہ 1998 میں کپتان مارک ٹیلر کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور 3 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز کھیلے تھے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ کپ سے پہلے متحدہ عرب امارات میں 5 ایک روزہ میچز کی سیزیز شیڈول ہے اور اسی کو دیکھتے ہوئے پی سی بی نے 2 ون ڈے میچز پاکستان میں کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال مارچ میں ون ڈے میچز کھیلنے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ بات چیت جاری ہے، ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ پی سی بی اور پاکستانی حکومت کرکٹ ٹیموں کے دورے کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو بہتر کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں اور اسٹاف کی سیکیورٹی اور حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق کا 358 فیصد زائد مالیت میں معاہدہ

واضح رہے کہ گزشتہ کئی سال سے پاکستان اپنی ہوم سیریز متحدہ عرب امارات کے گراؤنڈز میں کھیلتا ہے، تاہم سیکیورٹی اداروں کی انتھک کوششوں کے باعث پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی ہوچکی ہے۔

رواں برس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل کراچی جبکہ سیمی فائنل لاہور میں منعقد ہوئے تھے اور شائقین نے بڑی تعداد میں جوش و جذبے کے ساتھ اس میں شرکت کی تھی۔

یہ بھی یاد رہے کہ پی سی بی کی ویسٹ انڈین بورڈ سے بھی بات چیت جاری ہے اور ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیم اگلے ماہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024