• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ٹور میچ: اظہر اور بابر نے پاکستان کو مکمل تباہی سے بچا لیا

شائع December 21, 2018
اظہر علی 100رنز بنا کر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے— فائل فوٹو: اے ایف پی
اظہر علی 100رنز بنا کر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے— فائل فوٹو: اے ایف پی

بابر اعظم اور اظہر علی نے کرکٹ جنوبی افریقہ انوی ٹیشن الیون کے خلاف ٹور میچ میں پاکستان کو مکمل تباہی سے بچا لیا اور دونوں کھلاڑیوں نے سنچریاں اسکور کر کے پاکستان کی پوزیشن کو مستحکم کردیا۔

بینونی میں کھیلے جا رہے ٹور میچ میں اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے پاکستان کو 29 رنز کا آغاز فراہم کیا ہی تھا کہ منیاکا نے 19رنز بنانے والے فخر کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

امام اور شان مسعود نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن 57 کے مجموعے پر زوما نے امام کو چلتا کردیا۔

اس کے بعد اظہر علی وکٹ پر آئے اور شان مسعود کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت قائم کی، شان 41 رنز بنانے کے بعد منیاکا کی وکٹ بن گئے۔

اس مرحلے پر میزبان باؤلرز نے شاندار کھیل پیش کیا اور تجربہ کار اسد شفیق اور حارث سہیل کو یکے بعد دیگرے چلتا کر کے پاکستان کو 112 رنز پر پانچ وکٹوں سے محروم کردیا۔

اس موقع پر مشکلات سے دوچار پاکستانی ٹیم کی مدد کے لیے بابر اعظم میدان میں اترے اور اظہر علی کے ہمراہ وکٹ پر ڈٹ گئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کے لیے 155 رنز جوڑے اور اس دوران اظہر نے اپنی سنچری مکمل کر لی۔

اظہر سنچری کے بعد ریٹائرڈ آؤٹ ہو گئے تاکہ دیگر کھلاڑیوں کو بیٹنگ پریکٹس مل سکے جبکہ جلد ہی بابر اعظم نے بھی اپنی سنچری مکمل کر لی۔

کپتان سرفراز احمد اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور صرف سات رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے اور اس کے ساتھ ہی پاکستان نے 306 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی۔

یوں میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 12رنز کی برتری حاصل کی اور دوسری اننگز کے آغاز میں وہ صرف 13رنز پر جوشوا رچرڈز کی وکٹ سے محروم ہو گئی جو محمد عامر کی وکٹ بن گئے۔

جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو کرکٹ جنوبی افریقہ انوی ٹیشن الیون نے ایک وکٹ کے نقصان پر 45 رنز بنا کر میچ میں مجموعی طور پر 57 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024