• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم جہانگیر ترین کے بیٹے نے خرید لی

شائع December 20, 2018 اپ ڈیٹ February 8, 2019
چیئرمین پی سی بی احسان مانی (دائیں) علی خان ترین (بائیں) سے مصافحہ کر رہے ہیں — فوٹو بشکریہ پی سی بی
چیئرمین پی سی بی احسان مانی (دائیں) علی خان ترین (بائیں) سے مصافحہ کر رہے ہیں — فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چھٹی ٹیم خرید لی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں پی ایس ایل انتظامیہ نے بتایا کہ علی خان ترین نے چھٹی فرنچائز کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس ٹیم کی بولی کے لیے اس کی بنیادی قیمت 52 لاکھ ڈالر (تقریباً 72 کروڑ روپے) رکھی گئی تھی، تاہم علی ترین نے اس قیمت سے زیادہ کی بولی لگا کر حقوق حاصل کیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پی ایس ایل اتظامیہ نے بتایا کہ علی ترین اس ٹیم کے حقوق آئندہ 7 سال کے لیے حاصل کر لیے ہیں۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کا اضافہ راوں برس ہونے والے ایڈیشن میں کیا گیا تھا جسے شون پراپرٹی بروکرز نے خرید کر اس کا نام ملتان سلطانز رکھا تھا۔

مزید پڑھیں: پی سی بی نے ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کردیا

ملتان سلطانز کی ٹیم 2018 میں ہونے والے ایڈیشن میں لوگوں کی نگاہوں کا مرکز رہی اور ابتدا میں اس نے حریف ٹیموں کے خلاف یکطرفہ فتوحات سمیٹیں لیکن اپنے اختتامی میچوں میں اسے پے درپے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد وہ ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔

رواں برس ہی ملتان سلطانز کی ٹیم طے شدہ وقت کے مطابق متعدد مواقع ملنے کے باجود اپنی بینک گارنٹی جمع کروانے میں ناکام رہی جس کے بعد پی سی بی نے ان کا معاہدہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پی سی بی نے شون پراپرٹی بروکرز کی زیر ملکیت فرنچائز ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کردیا جس کے بعد فرنچائز کے تمام تر مالکانہ حقوق واپس پاکستان کرکٹ بورڈ کو منتقل ہو گئے تھے۔

دریں اثنا پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کا ڈرافٹ ہوا جس میں اس ٹیم کو ’چھٹی ٹیم‘ کا نام دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: علی ترین پی ایس ایل کی ’چھٹی ٹیم‘ خریدنے کے خواہاں

پی سی بی نے چھٹی ٹیم کی نیلامی کا فیصلہ کیا تو پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین نے اس کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم فرنچائز کی فروخت کے عمل میں حصہ لیں گے اور کوشش ہو گی کہ جنوبی پنجاب میں ٹیم آئی ہے تو ہمارے ہاتھ سے نہ جائے۔'

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے حوالے سے کافی کام کر رہے ہیں اور ہمارا پروگرام ہے کہ ہر ضلع میں ایک گراؤنڈ اور اکیڈمی بنانے کے ساتھ ساتھ کلب کرکٹ کو سپورٹ کریں اور اگر پی ایس ایل کی ٹیم بھی آ جاتی ہے تو ہمارے کام کو مزید تقویت ملے گی۔

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14فروری 2019 کو رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024