• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اسپیکر قومی اسمبلی نے خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے

شائع December 20, 2018
مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق — فائل فوٹو
مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق — فائل فوٹو

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گرفتار رکنِ اسمبلی خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر ایوانِ زیریں کے جاری اجلاس میں ان کی شرکت کو یقین بنانے کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔

پروڈکشن آرڈر قومی اسمبلی میں کارروائی اور طریقہ کار کے قواعد 2007 کے قاعدہ 108کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔

اس قانون کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اگر کسی بھی زیرِ حراست رکن اسمبلی کی موجودگی کو اجلاس کے لیے ضروری سمجھتا ہو تو وہ اُسے اجلاس میں شرکت کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کرکے طلب کرسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی: سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر اپوزیشن کا واک آؤٹ

پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے گرفتار رکنِ اسمبلی کو اجلاس کے دوران قومی اسمبلی میں لانے کے پابند ہوں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی رہنماؤں کی جانب سے اسپیکر کو خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست کی گئی تھی، تاہم آرڈر فوری جاری نہ ہونے پر اپوزیشن نے ایوان کے اندر اور باہر احتجاج بھی کیا تھا۔

خواجہ سعد رفیق کا راہداری ریمانڈ منظور

ادھر لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے لیگی رہنما کے راہداری ریمانڈ سے متعلق نیب کی درخواست پر سماعت کی۔

نیب نے اپنی درخواست میں نے موقف اختیار کیا کہ خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوچکے ہیں، اور استدعا کی کہ ان کا راہداری ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے نیب کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا 26 دسمبر تک راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

خواجہ سعد رفیق کی گرفتاری

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں رکنِ قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو 11 دسمبر کو گرفتار کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ نیب نے پیراگون ہاؤسنگ سائٹی میں بڑے پیمانے پر خرد برد کی تحقیقات کا آغاز گزشتہ برس نومبر میں کیا تھا، اس حوالے سے کہا جاتا ہے کہ مذکورہ سوسائٹی خواجہ سعد رفیق کی ہے جبکہ انہوں نے عدالت عظمیٰ میں سوسائٹی سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پیراگون سوسائٹی کیس: سعد رفیق کی حفاظتی ضمانت کی درخواست

پیراگون سٹی کی ذیلی کمپنی بسم اللہ انجینئرنگ کے مالک شاہد شفیق کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ لینے کے الزام میں 24 فروری کو نیب نے گرفتار کیا گیا تھا۔

بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے حکومت کو 100 کروڑ روپے کا نقصان ہوا تھا۔

خواجہ سعد رفیق کی جانب سے متعدد مرتبہ اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں دائر کی جاتیں رہی تاہم آخری مرتبہ انہوں نے 13 دسمبر تک ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کی درخواست کی تھی، تاہم عدالت نے اسے مسترد کردیا تھا جس کے بعد نیب حکام نے انہیں احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024