• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

وفاقی محکموں میں 58 کھرب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف

شائع December 19, 2018
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

اسلام آباد: آڈیٹر جنرل پاکستان (اے جی پی) نے مالی سال 18-2017 کے دوران 44 وفاقی محکموں میں 58 کھرب روپے مالیت کی سرکاری رقم میں مالی بے قاعدگیاں، بد انتظامی اور بے ضابطگیاں ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 18-2017 میں وفاقی محکموں پر کیے جانے والے اعتراضات گزشتہ برس کے مقابلے میں بہت زیادہ یعنی تقریباً 87 فیصد ہیں جبکہ یہی معاملات ایک سال قبل 35 وفاقی محکموں میں 31 کھرب 20 ارب روپے مالیت کے تھے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرکاری رقم کا مالی ضابطہ کار بجائے بہتر ہونے کے مزید بگڑ گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آڈیٹر جنرل نے اس سلسلے میں 60 وفاقی محکموں اور شعبہ جات میں سے 44 کے سرکاری فنڈز کا جائزہ لیا جبکہ ان اداروں میں 10 لاکھ روپے تک کے خرچ کو اس اعداد و شمار کا حصہ نہیں بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: وزارتوں کا مخصوص آڈٹ: 30 کھرب سے زائد کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

رپورٹ میں بتایا گیا کہ تقریباً 69 ارب 40 کروڑ روپے کی وصولی کر کے وفاقی فنڈ میں جمع کروادی گئی ہے، مذکورہ آڈٹ رپورٹ کو آئین کے آرٹیکل 171 کے تحت صدرِ مملکت کو ارسال کرنے کے ساتھ پارلیمنٹ میں بھی پیش کردیا گیا۔

آڈٹ رپورٹ میں متعدد محکموں، اداروں اور ان کے بیرونِ ملک متعلقہ اداروں میں کل 39 ایسے کمزور مالی معاملات کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی مالیت 57 کھرب 75 ارب روپے ہے جبکہ 82 ایسے کیسز بھی سامنے آئے ہیں جن میں قوانین کے خلاف 24 ارب 75 کروڑ روپے کی بے قاعدہ ادائیگیاں یا اخراجات کیے گئے۔

اس کے ساتھ آڈیٹر جنرل نے 57 کھرب 70 ارب روپے مالیت کے 26 کمزور مالی انتظام کے کیسز پر روشنی ڈالی جبکہ مالی اثاثوں کے خراب انتظام کے ایک ارب 30 کروڑ روپے مالیت کے 22 کیسز کا بھی ذکر کیا گیا۔

مزید پڑھیں: سرکاری اداروں میں 2 ہزار ارب کی مالی بےضابطگیوں کا انکشاف

دلچسپ بات یہ ہے کہ اے جی پی کی رپورٹ میں وزارت خزانہ اور اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کی جانب سے دی گئی 38 کھرب 90 ارب روپے کی ضمنی گرانٹس کے حوالے سے غلط بیانی پر بھی سوال اٹھائے گئے ہیں، جو خود وفاقی حکومت کے درست مالی انتظام کے ذمہ دار ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ وزارتِ خزانہ نے آئین کی دفعہ 80، 83 اور 84 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان ضمنی گرانٹس کو پرنٹ نہیں کیا جبکہ یہ کل ضمنی گرانٹس کا 92 فیصد حصہ ہیں۔

آڈیٹر جنرل نے صدرِ مملکت اور پارلیمنٹ کو اپنی رپورٹ میں آگاہ کیا کہ وزارت خزانہ تمام ضمنی گرانٹس منظوری کے لیے قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی مجاز ہے لیکن ایسا نہیں کیا گیا س کی وجہ سے اتنی بڑی رقم بغیر رپورٹ کیے رہ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ خزانہ میں 300 ارب روپے کی خرد برد کا انکشاف

دوسری جانب اس بارے میں جواب دیتے ہوئے وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا تھا کہ معینہ مدت کے بعد مختلف وزارتوں اور شعبہ جات سے موصول ہونے والی ضمنی گرانٹس کو پارلیمنٹ کے سامنے پیش کردہ دستاویز کا حصہ نہیں بنایا جاسکا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024