نواز شریف چاہتے ہیں مریم نوازکو این آر او مل جائے، شیخ رشید
راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے مابین ملاقات کو ’دال میں کالا‘ قرار دے دیا۔
شیخ رشید نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عندیہ دیا کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف کی ملاقات سے سیاست میں بڑی تبدیلی آنےوالی ہے۔
انہوں نے مزید پیشگوئی کی کہ ’نواز شریف کی خواہش ہے کہ مریم نواز کا این آر او ہوجائے‘۔
یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید نے نئی پیش گوئی کردی
وزیر ریلوے نے نواز شریف کے گارڈز کے کیمرہ مین پر تشدد کے واقعہ پر چیف جسٹس سے از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ’نوازشریف اورآصف زرداری کی شکلوں سےنظرآرہا ہےکہ دال میں کچھ کالا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، 30مارچ تک معلوم ہوجائے گا کون اناڑی ہے، کون کھلاڑی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کمپنی نے ملک کا چہرہ نوچا، ملکی خزانہ لوٹا ۔
کشمیر کانفرنس
وزیر ریلوے نے کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
اسلام آبادمیں کشمیر پر کانفرنس سے خطاب میں شیخ رشیدنے کہا کہ بھارت علاقے کا چوہدری بننے کا خواب دیکھ رہا ہے مگر نئی دہلی کو یاد رکھنا چاہیے کہ بھارت کاچپہ چپہ پاکستانی میزائلوں کے نشانے پر ہے۔
مزیدپڑھیں:ریلوے کے اعلیٰ افسر کا شیخ رشید کے ماتحت کام کرنے سے انکار
شیخ رشید نے مسلمان دشمنی کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا انتخابی ہتھیار قرار دیا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ حقوق کی جدوجہد کے لیے مقبوضہ کے ساتھ آزادکشمیر کے لیے بھی آواز بلند کرنا ہوگی۔