• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

برٹش ایئرویز کا 10 سال بعد پاکستان میں فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

شائع December 18, 2018
برٹش ایئرویز کے ہیڈ آف سیلز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
برٹش ایئرویز کے ہیڈ آف سیلز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

برطانوی ایئر لائنز 'برٹش ایئرویز' نے آئندہ سال جون سے پاکستان میں فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز آئندہ جون سے کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اقدام برطانیہ اور پاکستان کے تجارت اور سرمایہ کاری میں تعلقات کو مزید بڑھانے کے پیش نظر کیا گیا۔

واضح رہے کہ ستمبر 2008 کو برٹش ایئرویز نے میریٹ ہوٹل بم دھماکے، جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہوئے تھے، کے بعد پاکستان کے لیے اپنی پروازوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: دنیا کی بہترین اور بروقت پہنچانے والی 14 فضائی کمپنیاں

برطانوی ایئرلائنز کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اس روٹ پر ہر ہفتے 3 بوئنگ 787 تھری کی پرواز چلائی جائے گی جس کا ابتدائی کرایہ 499 یورو (89 ہزار پاکستانی روپے) ہوگا۔

انتہائی اہم اعلان ہے، زلفی بخاری

مشرق وسطیٰ کے لیے برٹش ایئرویز کے ہیڈ آف سیلز نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’برٹش ایئرویز میں تمام افراد پاکستان واپس آنے کے لیے خوش ہیں اور نئے ایئرپورٹ پر ہماری پرواز کے اترنے سے پر امید ہیں‘۔

اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ برٹش ایئرویز کا ایک دہائی کے بعد واپس آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم کہاں تھے اور کہاں آگئے ہیں۔

انہوں نے اس اعلان کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ ’پاکستانیوں کے لیے خوشی کی بات ہے کہ ہماری حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو واپس آنے کے لیے تحفظ فراہم کیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ دیگر سرمایہ کاروں کو بھی جاننا چاہیے کہ اب پاکستان سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ پر نئی تعمیر شدہ عمارت دھنسنا شروع ہوگئی

ان کا کہنا تھا کہ ’دوسرا اہم نقطہ یہ ہے کہ ہم پاکستان کا دنیا بھر سے رابطہ بڑھ رہے ہیں اور ہم ایسا ہی پاکستان چاہتے ہیں جو دنیا سے رابطے میں ہو‘۔

فلائٹ آپریشن کی بحالی پر برٹش ایئرویز کا شکریہ، ترجمان پاک فوج

دوسری جانب پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے برٹش ایئرویز کے پاکستان میں فلائٹ آپریشن کی بحالی پر شکریہ ادا کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ’ملک میں امن اور استحکام کی بحالی کے لیے پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز کی دہائیوں طویل جدوجہد کے ثمرات سامنے آنے لگے‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فلائٹ آپریشن کی بحالی پر ’برٹش ایئرویز‘ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ، پرامن پاکستان اور ہمیں آگے ہی جانا ہے، کا استعمال بھی کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024