پرینیتی چوپڑا نے شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی
رواں برس بولی وڈ کی متعدد اداکارائیں اور اداکار شادی کے بندھن میں بندھے اور ساتھ ہی متعدد کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آئیں کہ وہ آئندہ برس تک شادی کریں گے۔
رواں برس جہاں سونم کپور، نیہا دھوپیا، دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا جیسی ٹاپ اداکاراؤں نے شادی کی۔
وہیں اطلاعات ہیں کہ آئندہ برس تک سشمیتا سین، عالیہ بھٹ اور ممکنہ طور پر کترینہ کیف جیسی اداکارا ئیں بھی شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔
اسٹارز کی شادیوں کی خبروں کے اس سیزن مین حال ہی میں بھارتی میڈیا میں یہ خبریں بھی آئیں کہ اپنی کزن پریانکا چوپڑا کے بعد پرینیتی چوپڑا بھی جلد شادی کے بندھن میں بندھ جانے والی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پرینیتی چوپڑا کزن کے ہونے والے شوہر سے کیا چاہتی ہیں؟
خبریں تھیں کہ پرینیتی چوپڑا اپنے دیرینہ دوست اور فلم پروڈکشن میں کام کرنے والے چیرت ڈیسائی سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔
رپورٹس میں کسی اہم اور خاص ذریعے کے بجائے دونوں کی قربت اورایک دوسرے سے ملاقاتوں کو دیکھتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ پرینیتی اور چیرت آئندہ سال تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
اپنی شادی کی خبریں سامنے آنے کے بعد پرینیتی چوپڑا نے بھی خاموشی توڑی اور بتایا کہ شادی کے حوالے سے ان کا کیا منصوبہ ہے۔
مزید پڑھیں: ہوجائیں پرینیتی چوپڑا کی محبت میں گرفتار
پرینیتی چوپڑا نے شادی کی خبروں پر اپنی ٹوئیٹ میں اس خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا، جس میں بتایا گیا تھا کہ اداکارہ اپنے قریبی دوست سے شادی کرنے والی ہیں۔
اداکارہ نے خبر دینے والی اخبار ممبئی مرر کو ٹوئیٹ میں مینشن کرتے ہوئے ان کی خبر کو جھوٹا قرار دیا۔
اداکارہ نے خبر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں شادی کرنا ہوگی تو وہ خود ہی اس حوالے سے اعلان کریں گی اور سب کو بتائیں گی۔
پرینیتی چوپڑا نے اگرچہ اپنی شادی کی خبروں کو جھوٹا قرار دیا، تاہم انہوں نے چیرت ڈیسائی سے اپنے تعلقات اور محبت کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی۔