• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

کشمیر میں بھارتی فورسز کی دہشتگردی قابل مذمت ہے، او آئی سی

شائع December 17, 2018
بھارتی فورسز نے ضلع پلواما میں نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنایا تھا—فوٹو: اے ایف پی
بھارتی فورسز نے ضلع پلواما میں نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنایا تھا—فوٹو: اے ایف پی

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں کو قتل کرنے کی سخت مذمت کی ہے۔

او آئی سی کی جانب سے یہ بیان پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں جاری مظالم کو روکنے کے لیے عالمی برادری سے ’مداخلت‘ کا مطالبہ کیا تھا۔

ادارے کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’ اسلامی تعاون تنظیم کا جنرل سیکریٹریٹ بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں کو قتل کرنے کی سخت مذمت کرتا ہے‘۔

مزید پڑھیں: ’ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے‘

بیان میں کہا گیا کہ ’ضلع پلواما میں مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں نہتے شہریوں کے جاں بحق ہونے کا دعویٰ کیا گیا‘

او آئی سی کے بیان میں کہا گیا کہ ’سیکریٹریٹ اس دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ او آئی سی اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی جانب سے منظور کی گئی بین الاقوامی قرار داد کی روشنی میں کشمیر میں تنازع کا مستقل اور پائیدار حل نکالنے میں کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کی خواہشات کو پورا کرے‘۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جنرل سیکریٹریٹ متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل، ہیومن رائٹس کمیشن اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھے ہیں جن میں کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا فوری نوٹس لینے اور انہیں اس ظلم سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے پلواما میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں 14 کشمیریوں کی شہادت پر مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے عالمی برادری سے مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ ’لوگوں کو اس ظلم سے نجات مل سکے‘۔

شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ او آئی سی کےسیکریٹری جنرل سے درخواست کی کہ فوری طور پر وہ کشمیر پر اپنے کانٹیکٹ گروپ کا اجلاس طلب کرے اور پاکستان کانٹیکٹ گروپ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حریت رہنما کی 7 کشمیریوں کے قتل پر بھارتی فوج کےخلاف احتجاج کی کال

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے زیر تسلط کشمیر کے ضلع پلواما میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی تھی۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا معاملہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں اٹھائیں گے‘۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے‘۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ’ مسئلہ کشمیر ’ تشدد اور قتل ‘ کے ذریعے نہیں بلکہ صرف مذاکرات سے حل ہوسکتا ہے‘۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024