• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’آصف زرداری کو اپنی سیاست کے آخری دنوں پر توجہ دینی چاہیے‘

شائع December 16, 2018
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سابق صدر آصف علی زرداری پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے اپنی ہی جماعت، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو قومی سطح سے علاقائی سطح تک محدود کردیا ہے۔

موجودہ حکومت کی کارکردگی پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی حالیہ تنقید پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کو جتنا نقصان پہنچایا اتنا سابق آمر جنرل ضیا الحق نے بھی نہیں پہنچایا تھا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آصف علی زرداری نے وہ کام پورا کردیا جو جنرل ضیا نہیں کرسکے تھے‘۔

مزید پڑھیں: آصف علی زرداری نے جیل کو اپنا دوسرا گھر قرار دے دیا

پیپلز پارٹی کے حیدر آباد جلسے کے چند گھنٹوں بعد بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’سابق صدر نے پیپلز پارٹی کو قومی جماعت سے تبدیل کرکے علاقائی جماعت بنا دیا ہے‘۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر سابق صدر کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’آصف زرداری صاحب کو موجودہ حکومت کے پہلے 100 دن گننے کے بجائے سیاست میں اپنے آخری دنوں پر توجہ دینی چاہیے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جن لوگوں نے اپنی حکومت کے 1000 دنوں میں ملک اور قوم کو تباہ کردیا وہ ہمارے 100 دن گن رہے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: 'جس کی مدت 3 سال ہو اسے قوم کے فیصلے کرنے کا کیا حق ہے؟'

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’عوام ہم سے پوچھ رہی ہے کہ آصف زرداری کو قوم کا پیسہ لوٹنے کا کس نے حق دیا‘۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی اپوزیشن کے اراکین کا احتساب ہوتا ہے تو وہ جمہوریت کی بات شروع کردیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آصف علی زرداری نے اس سے قبل بھی ایسا ہی بیان دیا تھا جس کے بعد انہیں 3 سال دبئی میں گزارنے پڑے تھے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 16 دسمبر 2018 کو شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024