سابق کوچ کمبلے کو ہٹانے کیلئے کوہلی کی سازش کا راز فاش
نئی دہلی: گزشتہ سال بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دینے والے انیل کمبلے کے استعفے کی خبر نے ایک نیا موڑ لیا ہے اور اب انکشاف ہوا کہ کپتان ویرات کوہلی نے کوچ کے خلاف باقاعدہ منصوبہ بندی کر کے انہیں استعفیٰ دینے پر مجبور کیا۔
بھارتی ٹیم کی کامیابیوں کے باوجود کوہلی سے اختلافات کے سبب کوچ انیل کمبلے نے نے مایوس ہو کر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ کپتان سے ان کے تعلقات اب بہتر نہیں ہو سکتے۔
البتہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹیم میں کسی بھی قسم کے اختلافات کی تردید کی تھی۔
تاہم حال ہی میں اس حوالے سے ایک اہم پیشرفت منظر عام پر آئی ہے اور ایک لیک ای میل کے ذریعے انکشاف ہوا ہے کہ کوہلی نے باقاعدہ منظم طریقے سے سازش کرتے ہوئے کوچ کو عہدے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
بی سی سی آئی کے ایک سینئر آفیشل نے بورڈ کے منتظم ونود رائے کو ایک ای میل میں تحریر کیا کہ کوہلی نے بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو مستقل ایس ایم ایس بھیجے جس کے نتیجے میں وہ کارروائی کرنے پر مجبور ہوئے اور کوچ کو تبدیل کردیا گیا۔
بی سی سی آئی کے سینئر ایڈمنسٹریٹر ڈیانا ایڈلجی نے اپنی ای میل میں لکھا کہ کمبلے ایک لیجنڈ ہیں لیکن کوہلی کے اس عمل سے ان کا تشخص خراب کیا گیا اور انہیں ولن بنا کر پیش کیا گیا۔
ڈیانا نے لکھا کہ اس صورتحال میں سابق کوچ نے عہد سے استعفیٰ دینا ہی بہتر سمجھا اور میں اس فیصلے کی وجہ سے ان کا بہت احترام کرتا ہوں۔ اس موقع پر بھی قوانین کی خلاف ورزی کی اور میں نے اس پر اعتراضات بھی کیے تھے۔
دراصل ڈیانا ایڈلجی کی ای میل بھی بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کے تنازع کے نتیجے میں سامنے آئی جہاں کوچ رمیش پوار کو ون ڈے ٹیم کی کپتان متھالی راج سے تنازع پر عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
کمبلے کی کوچنگ میں بھارتی ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں دوبارہ عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور کھیل کے تینوں فارمیٹ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔
البتہ چیمپیئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں بھارتی ٹیم کی پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست اور کوہلی سے اختلافات کے سبب انہوں نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
کوہلی ناصرف کمبلے کے رویے سے ناخوش تھے بلکہ انہیں سابق کوچ کی ٹریننگ کی تکنیک بھی پسند نہیں تھی۔
ان کی جگہ اس عہدے کے لیے سب سے بڑے فیورٹ تصور کیے جانے والے روی شاستری ہی کوچ بننے میں کامیاب رہے جن کے کوہلی سے بہت اچھے تعلقات تھے۔
ویرات کوہلی اس وقت دورہ آسٹریلیا پر موجود ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔