کراچی سمیت سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل
سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے کراچی سمیت سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی غیر معینہ مدت کے لیے بند کردی۔
ایس ایس جی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ مختلف گیس فیلڈز سے ملنے والی محدود گیس کے باعث کمپنی کو گیس اور پریشر کی کمی کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تندور صارفین کیلئے گیس کی پرانی قیمت بحال کرنے کا فیصلہ
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ گیس کے بحران کے باعث گھریلو اور کمرشل صارفین کو ’ضرورت‘ کے مطابق گیس کی فراہمی میں مشکل ہو رہی ہے۔
لہٰذا گھریلو اور کمرشل صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کے لیے سندھ بھر کے سی این جی گیس اسٹیشنز کو غیر معینہ مدت کے لیے گیس فراہم نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ 19 اکتوبر کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سرکاری دفاتر، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں سمیت کمرشل صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ اضافہ کردیا تھا۔
مزیدپڑھیں: ’گیس کی قیمتیں نہ بڑھائیں تو گردشی قرضوں میں اضافہ ہوجائے گا
قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے مطابق رہائشی کالونیز، کیپٹو پاور پلانٹ، فلاحی اداروں، سرکاری دفاتر، ہسپتالوں، مسلح افواج کے میس، یونیورسٹیز، کالجز، اسکولوں اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے ماہانہ گیس فکسڈ چارجز میں 3 ہزار 6 سو روپے کا اضافہ کردیا گیا تھا۔
ان تمام اداروں کے صارفین کے لیے گیس کے ماہانا فکسڈ چارجز ایک ہزار 53 روپے سے بڑھا کر 4 ہزار 680 روپے کیے گئے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی کمرشل صارفین، کیفے، بیکریز، ملک شاپ، کینٹین، ہوٹلز، تجارتی مالز کے لیے بھی گیس مہنگی کردی گئی۔