• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

قوم کا ہر فرد ملک کو پولیو سے پاک بنانے میں کردار ادا کرے، وزیر اعظم

شائع December 10, 2018

وزیر اعظم عمران خان نے ملک گیر انسداد پولیو مہم کے آغاز پر کہا ہے کہ قوم کا ہر فرد ملک کو پولیو سے پاک بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں اپنی قوم کے ہر فرد کو دعوت دیتا ہوں کہ آگے بڑھ کر ذمہ داری سنبھالے اور وطن عزیز کو پولیو سے پاک سرزمین بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

دوسری جانب ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک میں انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال تک کے 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: ملک میں پولیو کے خاتمے کی کاوشوں پر بل گیٹس کا وزیراعظم کو خراج تحسین

اس مہم کے دوران 2 لاکھ 70 ہزار ورکرز گھر گھر جاکر ہر بچے کو پولیس کی ویکسین پلائیں گے۔

خیال رہے کہ رواں سال 8 پولیو کے کیسز سامنے آئے، جن میں سے 3 بلوچستان کے ضلع دکی، ایک خیبرپختونخوا کے علاقے چارسدہ، ایک سندھ کے علاقے گڈاپ، ایک خیبر جبکہ 2 کیسز باجوڑ سے رپورٹ کیے گئے۔

یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ 2014 میں رپورٹ کیے گئے 306 کیسز کے مقابلے میں رواں سال پولیو کے سالانہ کیسز میں 97 فیصد کمی ہوئی۔

رواں سال نومبر میں کراچی، سکھر، پشاور، مردان، لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد سے لیے گئے سیوریج کے پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس کے مثبت نتائج آئے۔

اسلام آباد کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی پولیو ورولوجی لیبارٹری سے آنے والی حیاتیاتی رپورٹ کے تجزیے میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ وائرس اپنی موجودہ جگہ سے ملک میں اور افغانستان میں پہنچنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔

اس حوالے سے پولیو کے خاتمے پر وزیر اعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطا کا کہنا ’ پولیو کے خلاف جنگ بہت زیادہ اور اہم ہے، لہٰذا والدین مہم کے دوران اپنے 5 سالہ بچوں کی پولیو ویکسین لازمی کرائیں‘۔

انہوں نے کہا کہ میں ہر پاکستانی سے مطالبہ کروں گا کہ وہ صحت محافظ کا کردار ادا کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کے گھر یا پڑوس میں کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے‘۔

ادھر پولیو کے خاتمے کے لیے نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رانا صفدر کا کہنا تھا کہ کم درجہ حرارت وائرس کو ہدف بنانے کے لیے بہتری ہے کیونکہ اس وقت یہ کم متحرک ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پولیو ویکسین کے خلاف منفی مہم روکنے کے لیے پی ٹی اے سے مدد طلب

واضح رہے کہ دنیا میں پاکستان اور افغانستان صرف 2 ممالک ہیں جہاں رواں سال پولیو کے کیس رپورٹ کیے گئے۔

علاوہ ازیں سرگودھا میں 3 روزہ انسداد پولیس مہم کا آغاز ہوگیا، مہم کا افتتاح خاتون ڈپٹی کمشنر سلوت سعید نے 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو ویکسین پلا کر کیا۔

خیال رہے کہ ضلع بھر میں 6لاکھ سے زائد 5 سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، جس میں محکمہ صحت کی 1500 سے زائد ٹیمیں انسدادِ پولیو مہم میں حصہ لے رہی ہیں، جن میں 1306 موبائل،198 فکسڈ اور 70 ٹرانسزٹ ٹیمیں بنائی گئی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024