• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ڈیم فنڈ: بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے اب تک ایک ارب روپے فراہم کیے

شائع December 10, 2018

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے حکم پر دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کے لیے جمع ہونے والے فنڈ میں اب تک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک ارب روپے جمع کرائے ہیں جبکہ اندرونِ ملک سے 7 ارب 47 کروڑ روپے جمع ہوچکے ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیم فنڈ میں اب تک 8 ارب 46 کروڑ روپے جمع ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈ جمع کرنے کی مہم کا آغاز 6 جولائی کو کیا تھا، جس کے بعد وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان بھی اس میں شریک ہوگئے۔

مرکزی بینک کے مطابق 6 دسمبر تک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ڈیم فنڈ میں دی جانے والی رقم کا 10.6 فیصد حصہ دیا ہے۔

مزید پڑھیں: برطانوی وفد میں شامل بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ڈیم فنڈ کیلئے عطیہ

قبلِ ازیں وزیرِ اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے تقریباً 90 لاکھ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، بالخصوص امریکا اور یورپ میں رہنے والوں، سے اپیل کی تھی کہ وہ اس کارِ خیر میں حصہ لیتے ہوئے کم از کم ایک ہزار امریکی ڈالر فی فرد اس فنڈنگ میں دیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے خبردار کیا تھا کہ اگر پاکستان میں آبی ذخائر جمع کرنے کے لیے ڈیم تعمیر نہیں کیے گئے تو پاکستان کو قحط جیسی صورتحال کا سامنا ہوسکتا ہے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے بھی حال میں لندن کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے پاکستان میں ڈیم کے لیے فنڈز جمع کیے جبکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک میں قحط کی صورتحال کے ممکنہ خطرے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

پاکستان میں دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے 14 ارب امریکی ڈالر (14 کھرب پاکستانی روپے) سے بھی زائد کی ضرورت پڑے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’ڈیمز فنڈز کی رقم پر سپریم کورٹ اور ججز بھی قابل احتساب ہیں‘

پاکستان میں عوام چیکس، کیش اور موبائل میسجز کے ذریعے ڈیم فنڈ میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں جبکہ صرف ایس ایم ایس سروس کے ذریعے 12 کروڑ 50 لاکھ روپے جمع ہوئے ہیں۔

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے اپنا چندہ ڈیبٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے دیا جبکہ متعدد پاکستانیوں نے ایس بی پی نوسٹرو اکاؤنٹ اور بیرون ملک کمرشل بینکوں میں اپنے عطیات جمع کروائے۔

امریکا میں رہنے والے پاکستانیوں نے 36 کروڑ 20 لاکھ روپے، برطانیہ میں مقیم پاکستانیون نے 21 کروڑ 40 لاکھ اور کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں نے 10 کروڑ 70 لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں دیے۔

علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 6 کروڑ 50 لاکھ، سعودی عرب اور قطر سے 4 کروڑ جبکہ سوئزر لینڈ اور دیگر ممالک سے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں جمع کرائے گئے۔

مزید پڑھیں: آج سے ڈیم بنانے کا کام شروع کرنا ہے، وزیراعظم کا قوم سے خطاب

سپریم کورٹ کے مطابق ڈیم فنڈ میں ناروے، ترکی، جاپان، چین، سوئیڈن، روس، برازیل، ملائیشیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، آذربائیجان، تاجکستان، کرغیزستان، آسٹریا، برونائی، ڈنمارک، نیدرلینڈز، بیلجیئم، افغانستان، بنگلہ دیش، فیجی، آئرلینڈ، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، عمان، اردن، مالدیپ، نائیجیریا، پیرو، تیونس اور فلپائن میں مقیم پاکستانیوں نے بھی اپنا حصہ ڈالا۔

وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری (زلفی بخاری) نے سمندر پار پاکستانیوں کی گرم جوشی کو سراہاتے ہوئے کہا کہ جب بھی ملک مشکل میں ہوتا ہے تو بیرون ملک مقیم پاکستانی مدد کرنے کے لیے ہمیشہ آگے آتے ہیں۔


یہ خبر 10 دسمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024