چیف جسٹس سے منسوب سوشل میڈیا اکاؤنٹ جعلی ہے، سپریم کورٹ کی وضاحت
اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے نام سے سوشل میڈیا پر چلنے والے اکاؤنٹ پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اکاؤنٹ جعلی ہے۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کوئی ٹوئٹر اکاؤنٹ یا پیج نہیں اور نہ ہی کسی سوشل میڈیا ویب سائٹ پر ان کی کوئی آئی ڈی ہے۔
ساتھ ہی متعلقہ اداروں ایف آئی اے اور پی ٹی اے سے کہا گیا ہے کہ وہ اس طرح کے ناموں والے اکاؤنٹس، پیجز کو بلاک کریں اور قانون کے مطابق ان تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خیال رہے کہ سماجی رابطے کی مقبول ویب سائٹ ٹوئٹر پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے نام سے ایک اکاؤنٹ دیکھنے میں آیا تھا، جس پر مختلف پوسٹس بھی موجود تھیں، جس کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے وضاحت سامنے آئی۔