• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:49pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:52pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:49pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:52pm

فوکس نیوز کی سابق اینکر اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نامزد

شائع December 8, 2018
—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ خارجہ کی ترجمان اور فوکس نیوز کی سابق اینکر ہیدر نورٹ کو اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نامزد کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہیدر نورٹ نے محکمہ خارجہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا‘۔

یہ بھی پڑھیں: نکی ہیلے اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے عہدہ سے مستعفیٰ

واضح رہے کہ ہیدر نورٹ کو نکی ہیلے کی جگہ اقوام متحدہ میں امریکا کا سفیر نامزد کیا گیا جنہوں نے اکتوبر میں اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

نکی ہیلے نے اقوام متحدہ کے ہر اجلاس میں فلسطین مخالف رویہ اختیار کیا اور جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کے امریکی فیصلے کے خلاف اقوام متحدہ میں قرارداد کثرت رائے سے منظور ہوئی تو انہوں نے کہا تھا کہ ’امریکا یہ دن کبھی نہیں بھولے گا‘۔

اقوام متحدہ میں نئی امریکی سفیر سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ہیدر نورٹ بہت ذہین اور تیز ہیں اور میرا خیال ہے کہ وہ تمام لوگوں میں اپنی عزت بنا سکیں گی‘۔

مزید پڑھیں: یروشلم معاملہ:اقوام متحدہ میں امریکی فیصلے کےخلاف قرارداد منظور

خیال رہے کہ 48 سالہ ہیدر نورٹ امریکی نشریاتی ادارے ’فوکس اینڈ فرینڈز‘ نامی پروگرام کی اینکر تھیں اور ڈونلڈ ٹرمپ بھی ان کے مداح تھے، بعد ازاں ہیتھر نورٹ کو محکمہ خارجہ کا ترجمان مقرر کردیا گیا حالانکہ انہیں خارجہ پالیسی کا قطعی تجربہ نہیں۔

نکی ہیلے کے برعکس ہیدر نورٹ کو کابینہ رکن کی حیثیت حاصل نہیں جس کا مطلب ہے کہ خارجہ پالیسی سے متعلق فیصلے میں ان کا عمل دخل نہیں ہوتا، جبکہ سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو ہیدر نورٹ کے باس ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کی ایران پر پابندیاں غیر منصفانہ، نقصان دہ ہیں: اقوام متحدہ

دوسری جانب اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس نے کہا کہ ’اقوام متحدہ کے لیے نومنتخب امریکی سفیر کے ساتھ کام کرکے خوشی ہوگی‘۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر ڈینی ڈانون نے کہا کہ ’ہیدر نورٹ ماضی میں اسرائیلی ریاست کی حمایت میں کھڑی ہوئی تھیں اور مجھے کوئی شبہہ نہیں امریکا اور اسرائیل کے مابین تعاون نومنتخب امریکی سفیر کی وجہ سے مزید مضبوط ہوں گے‘۔

کارٹون

کارٹون : 18 اکتوبر 2024
کارٹون : 17 اکتوبر 2024