• KHI: Maghrib 6:02pm Isha 7:23pm
  • LHR: Maghrib 5:19pm Isha 6:45pm
  • ISB: Maghrib 5:20pm Isha 6:48pm
  • KHI: Maghrib 6:02pm Isha 7:23pm
  • LHR: Maghrib 5:19pm Isha 6:45pm
  • ISB: Maghrib 5:20pm Isha 6:48pm

سینیٹ کی اوورسیز کمیٹی کا اجلاس: زلفی بخاری اور سسی پلیجو کے درمیان تلخ کلامی

شائع December 7, 2018
وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور سینیٹر سسی پلیجو — فائل فوٹو
وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور سینیٹر سسی پلیجو — فائل فوٹو

اسلام آباد: سینیٹ کی اوورسیز کمیٹی کے اجلاس کے دوران صورت حال اس وقت دلچسپ صورت اختیار کرگئی جب سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کے معاملے پر غور کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے زلفی بخاری کے بیان پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر سسی پلیجو کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔

سینیٹر ہلال الرحمٰن کی صدارت میں سینیٹ کی اوورسیز کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کے معاملے پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران کمیٹی اراکین نے کہا کہ یہ بات بھی دیکھی جائے کہ کیا واقعی قیدی سے جرم سرزد ہوا یا مصیبت میں پھنس گیا ہے، فنڈز کی کمی کا کہہ کر پاکستانیوں کا بیرون ملک جیلوں میں بے آسرا نہیں چھوڑا جاسکتا۔

کمیٹی اراکین کا کہنا تھا کہ مڈل ایسٹ میں کتنے پاکستانی قید ہیں، کمیٹی کو اس کی تفصیلات دی جائیں۔

مزید پڑھیں: حکومت کو قیدیوں سے متعلق معاہدوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر لوڈ کرنے کی ہدایت

اجلاس کے دوران وزیر اعظم کے معان خصوصی زلفی بخاری اور پی پی پی کی سینیٹر سسی پلیجو کے درمیاں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کسی شخص کی رہائی کے سلسلے میں کسی دوسرے ملک کے قانون میں مداخلت نہیں کرسکتے، ہمیں مجرموں کے تبادلے کے حوالے سے معاہدے کرنا ہوں گے، ملک کا پیسہ استعمال کرنے کی دلیل بھی ہونی چاہیے۔

انہوں نے اجلاس کے دوران کہا کہ بیرون ملک رہائش پذیر مجبور اور بے سہارا لوگ ہماری ترجیح ہیں، سعودی عرب میں اس کے علاوہ بھی کئی مجبور اور بے سہارا لوگ ہیں، ان مجبور لوگوں کی آواز ہم تک نہیں پہنچ سکتی۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ان 2 کیسز سے زیادہ مجھے اور لوگوں سے ہمدردی ہے، مذکوہ 2 کیسز سینیٹ کمیٹی میں آگئے اس لیے اہمیت اختیار کر رہے ہیں، بعض لوگ ایسے ہیں جن کے پاس وطن واپس آنے کے لیے ٹکٹس کے پیسے بھی نہیں۔

اس موقع پر سینیٹر سسی پلیجو کا کہنا تھا کہ آپ اس طرح کی بات نہیں کر سکتے، یہ کہنا درست نہیں کہ ایسے تو ہزاروں کیسز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ توجہ دلاو نوٹس آئے تو متعلقہ وزارت اس پر جواب دینے کی پابند ہے لیکن آپ نے کہہ دیا کہ یہ تو کوئی فورم ہی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران میں سزائے موت کے منتظر پاکستانی، حکومت نے رپورٹ جمع کروانے کیلئے مزید مہلت طلب کرلی

اس پر وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ میں نے ایسا کچھ نہیں کہا، میں نے صرف یہ کہا کہ ایک کیس پر جذباتی نہیں ہونا چاہیے، اس سے زیادہ مستحق اور مجبور لوگ بھی موجود ہیں۔

جس پر سسی پلیجو کا کہنا تھا کہ آپ نے کمیٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو کوئی فورم ہی نہیں۔

بعد ازاں زلفی بخاری نے سینیٹ کمیٹی سے معذرت کرلی، جس پر سینیٹر سسی پلیجو کا کہنا تھا کہ اچھی بات ہے کہ زلفی بخاری نے معذرت کرلی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 جنوری 2025
کارٹون : 12 جنوری 2025