ہاکی ورلڈکپ: پاکستان کا ملائیشیا سے میچ 1-1 سے برابر
ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان اپنے دوسرے میچ میں بھی کامیابی حاصل نہ کر پایا جہاں گروپ ڈی میں ملائیشیا کے خلاف میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوا۔
بھارتی شہر بھوبھنشور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان اور ملائیشیا کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم کوئی ٹیم میچ کو اپنے حق میں کرنے میں ناکام رہی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عتیق نے میچ کے 51 ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی تھی تاہم یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔
ملائیشیا کے فیضل ساری نے پاکستان کی برتری کو ختم کرتے ہوئے 55 ویں منٹ میں اپنی ٹیم کے لیے پہلا گول کیا اور میچ کو بھی برابرکر دیا۔
پاکستان اور ملائیشیا کی ٹیموں نے میچ کے 55 ویں منٹ کے بعد گول کرنے کی سر توڑ کوششیں کیں لیکن ناکام رہیں اور مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں ایک، ایک گول تک محدود رہیں۔
مزید پڑھیں:ہاکی ورلڈکپ: پاکستان کو ابتدائی میچ میں جرمنی سے شکست
ملائیشیا کے فیضل باری کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کو پہلے میچ میں جرمنی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
جرمنی نے نیدرلینڈز کو شکست دی
گروپ ڈی کے دوسرے میچ میں گروپ کی ٹاپ ٹیموں جرمنی اور نیدرلینڈز کا مقابلہ ہوا تاہم جرمنی نے باآسانی 4-1 سے کامیابی حاصل کرکے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی۔
نیدرلینڈز نے میچ کے 13 ویں منٹ میں ہی گول کرکے سخت عزائم ظاہر کیے تاہم جرمنی نے جوابی وار سے ان کی حکمت عملی کو ناکام بنادیا۔
میکرو کی جانب سے نیدرلینڈز کے لیے گول کے بعد جرمنی نے اپنا پہلا گول میچ کے 30 ویں منٹ میں کیا۔
جرمنی نے میچ کے 52، 54 اور58 ویں منٹ میں مزید تین گول کرکے اپنی برتری کو واضح کردیا بلکہ نیدرلینڈز کے خلاف شاندار دفاع بھی کیا۔
جرمنی کے فلوریان فیوچ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
گروپ ڈی میں جرمنی دو میچوں میں کامیابی کے بعد 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ نیدرلینڈز ایک میچ میں کامیابی اور ایک میں شکست کھانے کے بعد 3 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے اور ملائیشیا چوتھے اور آخری نمبر پر موجود ہے۔
قبل ازیں گروپ ڈی کے پہلے میچ میں نیدرلینڈز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیا کی ٹیم کو 7-1 سے شکست دے دی تھی۔