• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

خواتین فٹبالرز کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام، افغانستان کا تحقیقات کا حکم

شائع December 4, 2018 اپ ڈیٹ December 7, 2018
افغان وینز ٹیم کی کھلاڑیوں نے الزام عائد کیا کہ فٹبال فیڈریشن کے اہم آفیشلز نے انہیں جنسی ہراساں کیا— فائل فوٹو: اے پی
افغان وینز ٹیم کی کھلاڑیوں نے الزام عائد کیا کہ فٹبال فیڈریشن کے اہم آفیشلز نے انہیں جنسی ہراساں کیا— فائل فوٹو: اے پی

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ویمنز فٹبال ٹیم کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے دعویٰ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر معاملے کی تحقیقات کا اعلان کردیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’گارجین‘ نے اپنی خبر میں دعویٰ کیا تھا کہ افغانستان کی فٹبال فیڈریشن کے صدر سمیت اعلیٰ آفیشلز نے خواتین فٹبال ٹیم کی اراکین کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔

ملک کے اٹارنی جنرل سے ملاقات کے بعد افغان صدر نے کہا کہ یہ تمام افغانیوں کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ مرد و خواتین ایتھلیٹس سے کسی بھی قسم کا خراب رویہ ناقابل برداشت ہے لہٰذا میں نے اٹارنی جنرل سے کہا ہے کہ وہ معاملے کی مکمل اور جامع تحقیقات کریں۔

گارجین نے اپنی خبر میں دعویٰ کیا تھا کہ ویمنز فٹبال ٹیم سے منسلک ایک سینئر آفیشل نے بتایا کہ فٹبالرز کو ناصرف افغانستان میں فٹبال فیڈریشن کے ہیڈ کوارٹر بلکہ رواں سال فروری میں اردن میں منعقدہ تربیتی کیمپ میں بھی جنسی طور پر ہراساں کیا گیا۔

مذکورہ خبر میں سابق افغان کپتان خالدہ پوپل نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ٹیم کے مرد آفیشلز خواتین کھلاڑیوں سے زبردستی کرتے ہیں۔

افغانستان فٹبال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل سید علی رضا آقا زادہ نے ان الزامات کو من گھڑت قرار دیا تھا لیکن ملک کی اولمپک کمیٹی کے صدر حفیظ اللہ ولی رحیمی نے ان انکشافات کو درست قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کے الزامات نئے نہیں ہیں۔

حفیظ اللہ نے کہا کہ فیڈریشنز کے سربراہان، ٹرینرز اور ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے ہمیشہ سے ہی ہراساں کیا جاتا رہا ہے، ہمیں ماضی میں بھی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں اور ان حقائق کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔

افغان صدر نے ان الزامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر محض الزامات کو دیکھتے ہوئے لوگ اپنی بیٹیوں اور بیٹوں کو کھیلوں کی جانب بھیجنے سے روک سکتے ہیں تو پھر ہمیں فوری طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، میں جنسی طور پر پراساں کرنے کو کسی طور پر برداشت نہیں کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت ہمارے بچوں کو زیادتی کا نشانہ نہیں بنا سکتی اور اس طرح کے واقعات سے نمٹنے کے لیے ہماری اسپورٹس فیڈریشنز میں باقاعدہ فریم ورک موجود ہے۔

فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی نے بھی ویمنز فٹبال ٹیم کی جانب سے لگائے گئے جنسی طورپر ہراساں کرنے کے الزامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ ٹیم کی جرسی سمیت دیگر سامان کو اسپانسر کرنے والی ڈنمارک کی کمپنی ’ہُملز‘ نے ان الزامات کے بعد اپنی اسپانسرشپ منسوخ کردی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024