لاپتہ افراد کمیشن نے 3 ہزار 492 کیسز نمٹا دیئے، جسٹس (ر)جاوید اقبال
لاپتہ افراد کے حوالے سے تشکیل دیے گئے کمیشن نے ماہانہ کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے گزشتہ ماہ کے دوران 3 ہزار 492 کیسز کو منطقی انجام تک پہنچا دیا گیا جو مبینہ طور پر جبری گمشدگیوں کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی ہے۔
لاپتہ افراد کمیشن کے سیکریٹری فرید احمد خان کی جانب سےجاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق کمیشن نے سربراہ جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ذاتی کوششوں سے 30 نومبر 2018 تک 3 ہزار 492 کیسز نمٹا دیے ہیں جو ایک کامیابی ہے۔
اعلامیے کے مطابق کمیشن کو 31 اکتوبر 2018 تک 5 ہزار 507 کیسز موصول ہوئے تھے جبکہ نومبر کے دوران مزید 111 کیسز سامنے آئے اور یوں کیسز کی مجموعی تعداد 5 ہزار 618 ہوگئی تھی۔
کمیشن کا کہنا تھا کہ نومبر 2018 کے دوران مزید 57 کیسز کو نمٹا دیا گیا جس کے بعد 2016 سے اب تک درج ہونے والے مزید 2116 کیسز زیرالتوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لاپتہ افراد کی ماہانہ رپورٹ جمع، ستمبر میں 74 کیسز درج ہوئے
کارروائی کے حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کمیشن نے نومبر 2018 میں 548 سماعتیں کیں جن میں سے 319 اسلام آباد، 35 لاہور، اور کراچی میں 194 سماعتیں ہوئیں جہاں جبری گم شدگیوں کے کمیشن کے صدر جسٹس (ر) جاوید اقبال اور کمیشن کے دیگر اراکین نے 3 ہزار 492 افراد کو بازیاب کرائے جانے پر کمیشن کی کارکردگی کو سراہا۔
کمیشن کا کہنا تھا کہ جبری گم شدگیوں کے کمیشن کے صدر جاوید اقبال اور دیگر اراکین نے لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے مسائل نہ صرف فرداً فرداً سنے بلکہ ان کی بخیر واپسی کے لیے بھی کوششیں کیں۔
یاد رہے کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے قائم کمیشن نے گزشتہ ماہ خصوصی بنچ کو جمع کرائی گئی ماہانہ رپورٹ میں کہا تھا کہ ستمبر 2018 کے دوران 36 لاپتہ افراد کا سراغ لگایا گیا جن میں سے 13 افراد اب بھی حراستی مراکز میں موجود ہیں اور ایک ماہ میں مزید 74 کیسز رجسڑ ہوئے۔
مزید پڑھیں:حکومت لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کچھ نہیں کررہی، سردار اختر مینگل
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی جانب سے تشکیل دیے گئے سپریم کورٹ کے خصوصی بنچ میں جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس سردار طارق مسعود شامل ہیں جو لاپتہ افراد کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر مبنی رپورٹ اور کمیشن کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔
خصوصی بنچ کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 5 ہزار 430 لاپتہ افراد کے کیسز رجسٹرڈ ہوۓ جن میں سے 3 ہزار 556 کو نمٹا دیا گیا اور ایک ہزار 868 کیسز تاحال زیرالتوا ہیں۔