• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

پہلے بھی کہا تھا کہ کٹھ پتلیوں سے کام نہیں چلے گا، آصف زرداری

شائع December 4, 2018
سابق صدر آصف علی زرداری میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں۔ فوٹو: ڈان نیوز
سابق صدر آصف علی زرداری میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں۔ فوٹو: ڈان نیوز

سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ کٹھ پتلیوں سے کام نہیں چلے گا۔

ٹنڈوالہ یار میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کو غیر سنجیدہ وزیرِاعظم کہتے ہوئے کہا کہ ان سے ملک نہیں سنبھالا جارہا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ان سے ملک چل بھی نہیں سکتا کیونکہ ان کے پاس سیاسی سوچ نہیں ہے جبکہ یہ لوگ اس معاملے میں نہ سمجھ بھی ہیں۔

مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت منظور

سابق صدر نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ان کی بڑی کوشش ہے کہ وہ کسی طریقے سے نظام توڑ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کو کوئی خطرہ ہوا تو وہی ان کی مدد کریں گے جو ان کو اقتدار میں لے کر آئے ہیں۔

جب ایک صحافی نے قبل ازوقت انتخابات کی بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے بارے میں میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔

پی پی پی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ ان کے دورِ حکومت میں ہی آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا گیا لیکن موجودہ تحریک انصاف کی حکومت 18ویں ترمیم کے ذریعے 1973 کے آئین کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'کیا مرحوم اہلیہ کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کرنا شہید کی قبر کا ٹرائل نہیں؟'

حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس میں چاہے کچھ بھی بنادیا جائے لیکن اس کی حفاظت کے لیے بھی دیواروں کی ضرورت تو پڑے گی۔

جعلی اکاؤنٹس کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو تفتیش کے لیے طلب نہیں کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جے آئی ٹی نے انہیں اور فریال تالپور کو سوالات و جوابات کے لیے طلب کیا تھا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کے خلاف بہت سی سازشیں ہوئیں، ہم میں جیل جانے کا صبر اور برداشت ہے، کیا عمران خان جیل جاسکتے ہیں؟

تبصرے (1) بند ہیں

Talha Dec 04, 2018 02:08pm
Ab tak ka aik sacha tajziya.........

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024