• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سونالی باندرے کینسر کے علاج کے بعد بھارت پہنچ گئیں

شائع December 3, 2018
دوران علاج سونالی باندرے نے اپنے بال کٹوائے تھے—فوٹو: بولڈ اسکائے ڈاٹ کام
دوران علاج سونالی باندرے نے اپنے بال کٹوائے تھے—فوٹو: بولڈ اسکائے ڈاٹ کام

بولی وڈ اداکارہ سونالی باندرے نے رواں برس 4 جولائی کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ انہیں ہائی گریڈ کینسر لاحق ہوگیا۔

اداکارہ نے اگرچہ یہ نہیں بتایا تھا کہ انہیں جسم کے کس حصے میں کینسر ہے، تاہم انہوں نے بتایا کہ وہ علاج کے لیے امریکی شہر نیویارک میں موجود ہیں۔

بعد ازاں اداکارہ نے دوران علاج بھی متعدد سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے اپنی حالت اور خیالات سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا۔

اپنی پوسٹس کے ذریعے سونالی باندرے نے جہاں اپنے مداحوں کو اپنے علاج اور بہتر ہوتی طبیعت سے متعلق مسلسل آگاہ کیا، وہیں وہ بعض مرتبہ مایوس بھی دکھائی دیں۔

بھارت واپسی پر وہ خوش دکھائی دیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
بھارت واپسی پر وہ خوش دکھائی دیں—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

سونالی باندرے نے علاج کی غرض سے اپنے سر کے بال بھی کٹوائے تھے اور بالوں کو کٹوانے کے دوران وہ روتی ہوئی بھی نظر آئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکارہ سونالی باندرے کینسر کا شکار

تاہم اب وہ علاج کروانے کے 6 ماہ بعد بھارت واپس آئی ہیں۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق سونالی باندرے 3 دسمبر کو اپنے شوہر گولڈی بہل کے ساتھ ممبئی ایئرپورٹ پر اتریں تو انتہائی خوش دکھائی دیں۔

ادکارہ جولائی سے امریکا میں موجود تھیں—فوٹو: ڈی این اے انڈیا
ادکارہ جولائی سے امریکا میں موجود تھیں—فوٹو: ڈی این اے انڈیا

اس موقع پر اداکارہ کے شوہر گولڈی بہل نے بتایا کہ اب سونالی باندرے کو علاج کے لیے امریکا جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، تاہم بیماری کی ممکنہ واپسی کے لیے وہ مسلسل چیک اپ کرواتی رہیں گی۔

مزید پڑھیں: سونالی باندرے کے چل بسنے کی خبریں وائرل

گولڈی بہل کے مطابق علاج کے لیے سونالی باندرے کی کیموتھراپی کی گئی اور اب انہیں مزید علاج کی ضرورت نہیں، تاہم وہ حفاظتی اقدامات کے تحت چیک اپ کرواتی رہیں گی۔

بھارت واپسی پر شوہر بھی ان کے ساتھ تھے—فوٹو: ڈی این اے انڈیا
بھارت واپسی پر شوہر بھی ان کے ساتھ تھے—فوٹو: ڈی این اے انڈیا

6 ماہ تک علاج کے لیے امریکا میں رہنے کے بعد بھارت پہنچنے سے قبل سونالی باندرے نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ گھر واپس آنے کے لیے تیار ہیں۔

اپنی پوسٹ میں ملے جلے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دوران علاج بہت کچھ سیکھا اور انہیں ایسا محسوس ہوا کہ جیسے بہت ساری کہانیاں ان کے سامنے ہو رہی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: سونالی باندرے کینسر کے علاج کے دوران ‘رو پڑیں‘

سونالی باندرے کا اپنی پوسٹ میں مزید کہنا تھا کہ ہر شخص اپنی کہانی کو اپنے حساب سے لکھتا ہے اور وہ اپنے ہی طریقے سے ہر جنگ اور مسئلے کو حل کرتا ہے اور بعض اوقات کوئی اس عمل میں ہار تک نہیں مانتا۔

انہوں نے لکھا کہ فاصلے لوگوں کو قریب بھی لاتے ہیں اور اب وہ وہاں جانے کے لیے تیار ہیں، جہاں ان کا دل موجود ہے، یعنی وہ اپنے گھر (بھارت) جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ سونالی باندرے کے علاوہ ورسٹائل اداکار عرفان خان بھی رواں برس مارچ میں نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی کینسر میں مبتلا ہوگئے تھے اور وہ اب تک علاج کے لیے لندن میں موجود ہیں۔

سونالی باندرے مسلسل چیک اپ کرواتی رہیں گی، شوہر—فوٹو: ڈی این اے انڈیا
سونالی باندرے مسلسل چیک اپ کرواتی رہیں گی، شوہر—فوٹو: ڈی این اے انڈیا

اطلاعات ہیں کہ ان کی طبیعت بھی بہتر ہو رہی ہے اور وہ بھی جلد بھارت پہنچیں گے۔

علاوہ ازیں اداکارہ نفیسہ علی نے بھی گزشتہ ماہ انکشاف کیا کہ وہ بھی کینسر کا شکار ہیں اور ان کا علاج ہوگا۔

بولی وڈ اداکار آیوشمن کھرانہ کی اہلیہ طاہرہ کشیپ بھی رواں برس بریسٹ کینسر کا شکار ہوئی تھیں اور انہوں نے سرجری بھی کرائی تھی، تاہم کچھ دن قبل ہی انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کا کینسر پہلے سے بڑھ گیا۔

دوسری جانب اداکار رشی کپور بھی نامعلوم بیماری کے باعث علاج کے لیے امریکا منتقل ہوگئے ہیں، اطلاعات ہیں کہ انہیں بھی کینسر لاحق ہوگیا، تاہم خود انہوں نے اور ان کے اہل خانہ نے اس کی تصدیق یا وضاحت نہیں کی۔

نفیسہ علی اور طاہرہ کشیپ بھی کینسر کا شکار ہوئیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
نفیسہ علی اور طاہرہ کشیپ بھی کینسر کا شکار ہوئیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024