• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ایک ہی گاؤں کی 8 سو خواتین کے نام پر متعدد موبائل سمز نکلوانے کا انکشاف

شائع December 1, 2018
پی ٹی اے کی جانب سے ایک شناختی کارڈ پر 5 سمز تک جاری ہونے کی اجازت ہے —فائل فوٹو
پی ٹی اے کی جانب سے ایک شناختی کارڈ پر 5 سمز تک جاری ہونے کی اجازت ہے —فائل فوٹو

ساہیوال: تین ماہ قبل پنجاب کےایک گاؤں میں 3 مساجد سے خواتین کے لیے اعلان کیا گیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اندراج کے لیے اپنا قومی شناختی کارڈ لے کر آئیں۔

جس پر تقریباً 8 سو سے زائد خواتین بتائے گئے مقام پر پہنچیں جہاں بیٹھے 3 افراد نے ان کے قومی شناختی کارڈ کی نقول اور ان کے انگوٹھے کے نشانات حاصل کرلیے، اس دن کے بعد سے ان کو انکم سپورٹ پروگرام کے بارے میں مزید کچھ سننے کو نہیں ملا۔

گزشتہ ہفتے گاؤں کے ایک رہائشی محمد اپنی بیوی کے نام پر سم نکلوانے کے لیے اوکاڑہ پہنچے تو ٹیلی کام کمپنی کے نمائندے نے ان کے نام پر سم جاری کرنے سے انکار کردیا، پوچھنے پر معلوم ہوا کہ مذکورہ خاتون کے نام پر پہلے ہی 9 سمز جاری ہوچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے نے 8 ملزمان سے 2 ہزار سے زائد تصدیق شدہ سمز برآمد کرلیں

یہ حیران کن انکشاف ہونے کے بعد یہ جوڑا واپس اپنے گاؤں آگیا اور ایک وکیل صدیق بلوچ سے اس بارے میں گفتگو کی۔

وکیل صدیق بلوچ کا کہنا تھا کہ تاج محمد، طارق حسین اور خالد حسین نامی 3 افراد نے جعلسازی کے ذریعے خواتین سے شناختی معلومات حاصل کیں، جس کے بعد گاؤں کے لوگوں نے معاملےکی تحقیقات کے لیے پولیس سے رابطہ کیا تو ان 3 افراد میں سے تاج محمد اور طارق گرفتار کرلیے گئے۔

اس حوالے سے ایک شخص عمران بلوچ کا کہنا تھا کہ اس نے بھی 3 ماہ قبل ہونے والے اس واقعے میں شناختی کارڈ کی نقول فراہم کرنے والی خواتین کا دیٹا چیک کیا، جبکہ نمائندے نے پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کے بتائے گئے نمبر 668 پر 5 خواتین کے شناختی کارڈ سے معلومات چیک کی تو پتا چلا کہ ان کے نام پر 8 سے 9 سمز جاری ہوچکی ہیں۔

مزید پڑھیں: ایک کروڑ 10 لاکھ سمیں بلاک

اس دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ زیادہ تر سم کارڈ چائینیز ٹیلی کام کمپنی نے جاری کیے، عمران بلوچ کا کہنا تھا کہ متعدد خواتین جن کے نام پر ایک سے زائد سمز نکلوائی گئی کے پاس موبائل فون تک نہیں ہے، بعدازاں خواتین کی جانب سے ساہیوال ریجنل پولیس آفس میں ایک مشترکہ درخواست بھی دی گئی۔

ا س بارے میں یوسف والا کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) امداد بلوچ کا کہنا تھا کہ پولیس نے عبدالستار نامی شخص کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا اور خالد نامی ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے جس نے خواتین کے انگوٹھوں کے نشانات حاصل کیے تھے تاہم گاؤں والوں کا کہنا تھا کہ یہ تحقیقات سائبر جرائم کے قانون کے تحت کی جائیں۔

مجرمانہ غفلت کی سب سے بڑی بات یہ ہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے ایک شناختی کارڈ پر 5 سمز تک جاری ہونے کی اجازت ہے لیکن اس معاملے میں ایک کارڈ پر 9 سمز تک نکلوائی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں45 ہزار سے زائد افغان سمز بلاک

اس ضمن میں ڈان نے جب ٹیلی کام کمپنی زونگ کے کسٹمر کیئر نمائندے منان شبیر سے گفتگو کی تو ان کا کہنا تھا کہ ہماری متعلقہ شعبہ اس حوالے سے تحقیقات کررہا ہے جبکہ پی ٹی اے کی ترجمان طیبہ افتخار نے بھی یہی جواب دیا کہ انتظامیہ معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔

عمران بلوچ کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی اے کے اعداد و شمار کے حساب سے اندازہ لگایا جائے تو مطلب گزشتہ 2 ماہ کے عرصے میں ان خواتین کے شناختی کارڈ پر 4 ہزار سے زائد سم نکلوائی گئیں ہیں جس میں زیادہ تر ایک ہی کمپنی کی ہیں۔


یہ خبر یکم دسمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024