• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

آئی ایم ایف کے پاس جانے کی کوئی جلدی نہیں، وزیر خزانہ

شائع November 29, 2018
وزیر خزانہ کے مطابق حکومت اب بھی آئی ایم ایف پروگرام حاصل کرنا چاہتی ہے—فائل فوٹو
وزیر خزانہ کے مطابق حکومت اب بھی آئی ایم ایف پروگرام حاصل کرنا چاہتی ہے—فائل فوٹو

کراچی: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان ابھی 2 ماہ تک عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض حاصل کرنے کا فیصلہ کرنے کے لیے رک سکتا ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ میں وزیر خزانہ کے حوالے سے بتایا گیا کہ ’ہمیں کوئی جلدی نہیں‘، یہ اسی بیان کی بازگشت ہے جو انہوں نے آئی ایم ایف سے مشاورت کے آغاز میں دیا تھا کہ اگر اس میں 2 ماہ کی بھی تاخیر ہوتی ہے تو بھی ہم محفوظ ہیں۔

وزیر خزانہ نے یہ بات اسلام آباد میں ہونے والی ایک کانفرنس کے دوران کہی، ایک ماہ کی تاخیر کی صورت میں کسی بھی پروگرام کا آغاز جنوری کے اواخر میں ہوگا جبکہ اس سے قبل وہ اشارہ دے چکے ہیں کہ وہ جنوری کے وسط تک آئی ایم ایف پروگرام کے لیے بورڈ کی منظوری چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیل آؤٹ پیکیج پر آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان اختلاف برقرار

برطانوی جریدے بلوم برگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم اب بھی پروگرام حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمیں اس کے حصول کی کوئی جلدی نہیں، اس سے فنڈنگ کے دیگر مواقع کھلنے کی امید ہے۔

واضح رہے کہ 12 ارب ڈالر کے اقتصادی خلا کو پر کرنے کے لیے حکومت کی اولین ترجیح دوست ممالک سے امداد حاصل کرنا ہے، اس ضمن میں سعودی عرب سے گزشتہ ہفتے ایک ارب ڈالر موصول ہوچکے ہیں اس کے علاوہ 3 ارب ڈالر کی رقم اور 3 ارب ڈالر کا تیل تاخیری ادائیگیوں پر فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا تھا۔

اس کے ساتھ حکومت چین کے ساتھ بھی بات چیت میں مصروف ہے تاہم اس حوالے سے کوئی اعلان ابھی تک سامنے نہیں آیا، اس بات چیت کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب وزیراعظم عمران خان نے چین کا دورہ کیا تھا، دورے پر چینی حکام نے انہیں ’تعاون کے نئے باب‘ کی یقین دہانی کروائی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی آئی ایم ایف سے سب سے بڑا قرض پیکیج حاصل کرنے کی کوشش

اس حوالے سے چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کا کہنا تھا کہ بیجنگ پاکستان کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے لیکن پہلے اس بارے میں مزید بات چیت کرنی ہوگی جس کے باعث وہ مذاکرات اب تک جاری ہیں۔

اسی طرح وزیر اعظم کے دورہ متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا میں ادائیگیوں کے توازن کے حوالے سے کوئی ٹھوس اعلان سامنے نہیں آیا لیکن حکومت پر عزم ہے کہ مزید امداد پائپ لائن میں موجود ہے۔

وزیر خزانہ اسد عمر آئندہ آنے والے مہینوں میں عالمی بینک، ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک اور نجی منڈیوں سے بھی فنڈنگ حاصل کرنے کے خواہاں ہیں اس کثیر الجہتی امداد اور عالمی منڈیوں سے آنے والا نجی بہاؤ آئی ایم ایف پروگرام حاصل کرنے کی صورت میں مددگار ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام ناگزیر ہے، وزیر خزانہ

حال ہی میں منظر عام پر آنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اور آئی ایم ایف وفد کے درمیان ہونے والی ابتدائی بات چیت ناکام ہوگئی ہے کیوں کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر ان کی مطلوبہ رفتار سے عمل کرنا حکومت کے لیے ممکن نہیں۔

رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ زرمبادلہ کی شرح کا آزادانہ بہاؤ اور شعبہ توانائی میں مالیاتی بحران صارفین پر بوجھ ڈال کر دور کیا جائے جس کا نتیجہ بجلی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کی صورت میں نکلے گا اور حکومت فی الوقت اس کی متحمل نہیں۔


یہ خبر 29 نومبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024