تربت: گیس سلنڈر پھٹنے سے طالبعلم جاں بحق، 20 افراد جھلس کر زخمی
بلوچستان کے شہر تربت میں دوکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے اسکول کا طالبعلم جاں بحق جبکہ متعدد طلبہ سمیت 20 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
سلنڈر کے دھماکے سے دوکان کے قریب کھڑی اسکول کے بچوں کی گاڑی میں آگ لگ گئی، جس سے کئی بچے اور راہ گیر زخمی ہوئے۔
دھماکے سے گاڑی میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے میونسپل کارپوریشن کے فائر بریگیڈ کے عملے، ایف سی اور پاک نیوی کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔
مکران کے کمشنر نے کہا کہ دھماکے سے زخمی ہونے والے بچوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں علاج کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو بھی کراچی منتقل کرنے کے لیے خصوصی جہاز کا انتظام کیا جارہا ہے۔
تاہم بعد ازاں شدید زخمی بچوں میں سے ایک ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سلنڈر دھماکے میں بچوں اور دیگر افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کے علاج کے اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔