چین: کیمیکل فیکٹری میں دھماکا، 22 افراد ہلاک
چین میں ایک کیمیکل فیکٹری کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور اتنی ہی تعداد میں لوگ زخمی ہوگئے۔
عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق دھماکا چین کے شمالی صوبے ہیبی میں میں 28 نومبر کی صبح پیش آیا۔
چین کے سرکاری میڈیا کی جانب سے چینی شہر زنگ جیاکو میں ہونے والے اس دھماکے کی ویڈیا جاری کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ فیکٹری آگ کے شعلے بلند ہورہے ہیں جبکہ دھواں بادلوں کی جگہ لے چکا ہے۔
اسی واقع سے متعلق شائع ہونے والی کچھ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آکر قریب میں موجود گاڑیوں اور ٹرک بھی خاکستر ہوچکا ہے۔
مزید پڑھیں: چین: کیمکل پلانٹ میں دھماکا، 8 افراد ہلاک
چین کی سرکاری نیوز ایجنسی زنہوا کی رپورٹ میں حکومتی ذرائع کا حوالہ دے کر بتایا گیا ہے کہ واقعے میں وہاں موجود 50 سے زائد گاڑیاں نذرِ آتش ہوگئیں۔
سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق آگ ہیبی شینگوا کیمیکل انڈسٹری کارپوریشن لمیٹڈ کے ساتھ موجود لوڈنگ ڈوک میں رات گئے لگی جس نے دیکھتے ہیں دیکھتے فیکٹری کو بھی اپنی لمپیٹ میں لے لیا۔
ایک مقامی نشریاتی ادارے کے مطابق دھماکا اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرک میں آتشگیر مادہ سپلائی کیا جارہا تھا۔
حکومتی سطح پر بتایا گیا کہ دھماکے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ دھماکے کی وجہ جاننے کے لیے تفتیشی ٹیمیں بھی اپنی کارروائی میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چین میں کان کے قریب دھماکا، 11 افراد ہلاک
خیال رہے کہ چین نے جس تیزی کے ساتھ ترقی کی ہے اسی تیزی کے ساتھ یہاں فیکٹریوں میں دھماکوں کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جن میں سیکٹروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
یاد رہے کہ اگست 2015 میں چین کے شہر تیاجن میں بھی ایک فیکٹری میں دھماکا ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 165 افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
اسی طرح جون 2017 میں چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ میں ایک کیمیکل پلانٹ میں دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے تھے۔