• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیر اعظم، حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پر کل قوم کو آگاہ کریں گے

شائع November 28, 2018
حکومت کا 100 روزہ پلان 6 نکات پر مشتمل تھا—فائل فوٹو
حکومت کا 100 روزہ پلان 6 نکات پر مشتمل تھا—فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کل (جمعرات) کو حکومت کے پہلے 100 روز مکمل ہونے پر اپنی کارکردگی سے قوم کو آگاہ کریں گے اور امید ہے کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد مقرر کردہ اہداف پر کیے گئے کام کے بارے میں بات کریں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں اجلاس کے دوران عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا، اس دوران وزیر اعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب نے 6 نکاتی 100 روزہ پلان پر بریفنگ دی۔

اس حوالے سے وزیر اعظم ہاؤس میں موجود ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ شہزاد ارباب نے اب تک حاصل کیے گئے اہداف کے ساتھ ساتھ مستقبل کے سنگ میل کے بارے میں عمران خان کو آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: حکومت کے 100 روز: ایندھن، اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے پلان کے تحت حاصل کی گئی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور مکمل جائزے کے بعد اس کی منظوری دی۔

خیال رہے کہ حکومت کا 100 روزہ پلان 6 نکات پر مرکوز تھا، جس میں طرز حکمرانی میں تبدیلی، وفاق کی مضبوطی، اقتصادی ترقی کی بحالی، ذراعت کی ترقی اور پانی کا تحفظ، سماجی خدمات میں انقلاب اور قومی سلامتی کو یقینی بنانا شامل تھا۔

علاوہ ازیں حکومت کے 100روز مکمل ہونے سے قبل وزیر اعظم نے ایک مصروف ترین دن گزارا اور متعدد اجلاسوں کی صدارت کی۔

اس دوران کولا کولا کمپنی پاکستان اور بوتل پارٹنر کولا-کولا آئسیک ترکی کے وفد نے ملاقات کی اور وزیر اعظم کو 50 کروڑ ڈالر کی موجودہ سرمایہ کاری اور آئندہ 2 سے 3 سالوں میں 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے پر بریفنگ دی اور بتایا کہ اس سے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس حوالے سے وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے وفد کو موجودہ حکومت کی دوستانہ سرمایہ کاری پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کے 100 روز: وعدے اور کارکردگی

بعد ازاں سوزوکی موٹرز کارپوریشن کے وفد نے گلوبل چیئرمین اوسامو سوزوکی کی قیادت میں وزیر اعظم سے ملاقات کی، اس دوران جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی بھی موجود تھے۔

وفد نے وزیر اعظم کو سوزوکی موٹرز کارپوریشن کی موجودہ سرمایہ کاری اور مستقبل کے سرمایہ کاری منصوبوں اور اضافی ایک لاکھ گاڑیاں سالانہ تیار کرنے والے دوسرے پلانٹ کی تعمیر سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے آٹو موبائل سیکٹر میں سوزوکی موٹرز کی شراکت کو سراہا اور کہا کہ ان کی حکومت نجی شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار کو آسان بنانے اور مینوفکچرنگ کے شعبے کی ترقی کے لیے پر عزم ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024