حکومت کا قومی تعلیمی پالیسی فریم ورک 2018 کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے 100 روزہ پلان کے تحت 'قومی تعلیمی پالیسی فریم ورک 2018' کا اعلان کر دیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی 'اے پی پی' کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حدود میں 'آﺅٹ آف اسکول چلڈرن' مہم کا بھی آغاز کیا گیا۔
وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے نیشنل لائبریری میں منعقدہ تقریب میں قومی تعلیمی پالیسی فریم ورک اور آﺅٹ آف اسکول چلڈرن مہم کا آغاز کیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت یکساں نظام تعلیم کیلئے کوشاں ہے، وزیر تعلیم
شفقت محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'اسکول نہ جانے والے 2 کروڑ 50 لاکھ بچوں کا اسکولوں میں داخلہ، معیاری تعلیم کی فراہمی، ہنر کا فروغ اور یکساں نصاب قومی تعلیمی پالیسی کے چار ستون ہوں گے۔'
انہوں نے کہا کہ 'اساتذہ کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے بھی ٹیکنالوجی کی مدد سے اسمارٹ سکول قائم کیے جائیں گے، جبکہ تعلیمی رضاکار پروگرام بھی جلد شروع کیا جائے گا۔'
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ 'کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک وہ تعلیم میں سرمایہ کاری نہ کرے، دنیا میں ان ہی قوموں نے ترقی کی جنہوں نے تعلیم کے شعبہ پر توجہ دی۔'
مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے قومی نصاب کونسل بنانے کی ہدایت کردی
اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری تعلیم وجیہہ اکرم، اسلام آباد سے منتخب اراکین اسمبلی علی اعوان اور راجہ خرم نواز، سیکریٹری وزارت تعلیم ارشد مرزا، وفاقی وزیر تعلیم کے مشیر رفیق طاہر، وفاقی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر اکرام علی ملک اور تعلیم سے منسلک مختلف اداروں کے سربراہان اور دیگر افراد کے ساتھ ساتھ طلبہ کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔