• KHI: Fajr 4:19am Sunrise 5:48am
  • LHR: Fajr 3:25am Sunrise 5:03am
  • ISB: Fajr 3:20am Sunrise 5:03am
  • KHI: Fajr 4:19am Sunrise 5:48am
  • LHR: Fajr 3:25am Sunrise 5:03am
  • ISB: Fajr 3:20am Sunrise 5:03am

پاکستان کے اندر اب کسی کی جنگ نہیں لڑیں گے، وزیر اعظم

شائع November 26, 2018
وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر دفاع اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا بھی موجود تھے—فوٹو: آئی ایس پی آر
وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر دفاع اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا بھی موجود تھے—فوٹو: آئی ایس پی آر

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنی سرزمین پر دوسروں کی مسلط کردہ جنگ لڑ کر بھاری قیمت چکائی تاہم اب ہم ملک کے اندر کسی کی جنگ نہیں لڑیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میران شاہ کے دورے کے دوران قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 'پاکستان کے عوام اور افواج نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج سے زیادہ کسی دوسری فوج نے کامیابیاں حاصل نہیں کیں۔'

انہوں نے کہا کہ 'ہم نے دوسروں کی مسلط کردہ جنگ اپنے ملک میں اپنے خون، پسینے اور اقتصادی نقصان کی صورت میں بھاری قیمت چکا کر لڑی، تاہم ہم آئندہ پاکستان کے اندر کبھی ایسی جنگ نہیں لڑیں گے۔'

عمران خان کا کہنا تھا کہ 'ہم خطے بالخصوص افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں، ہم دیگر فریقین کے ساتھ مل کر افغان امن عمل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ جبکہ پاکستان میں دیرپا امن کے لیے افغانستان میں امن قائم ہونا ضروری ہے۔'

وزیر اعظم نے دہشت گردی کے مشکل دور کا بہادری سے سامنا کرنے پر قبائلی علاقے کے لوگوں کو سراہا اور دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر پاک فوج، دیگر سیکیورٹی اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی بھی تعریف کی۔

قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ پہنچے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کے دورے کے دوران سیکیورٹی صورتحال، استحکام کے لیے جاری آپریشنز، سماجی اور اقتصادی منصوبوں اور ٹی ڈی پیز کی بحالی پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم نے غلام خان ٹرمنل کا دورہ اور سرحد پر باڑ لگانے کے عمل کا معائنہ بھی کیا۔

خیال رہے کہ عمران خان کا بطور وزیر اعظم شمالی وزیرستان کا یہ پہلا دورہ ہے، اس دورے کے دوران وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

کارٹون

کارٹون : 4 جولائی 2024
کارٹون : 3 جولائی 2024