کرتار پور کوریڈور افتتاح:سشما سوراج نے وزیرخارجہ کی دعوت پر معذرت کرلی

شائع November 24, 2018 اپ ڈیٹ November 25, 2018
—فائل/فوٹو:اے ایف پی
—فائل/فوٹو:اے ایف پی

بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذاتی مصروفیات کے باعث تقریب میں شریک نہیں ہوسکیں گی۔

سشما سوراج نے وزارت خارجہ کو بھیجے گئے خط میں دعوت دینے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘میں ریاست تیلنگانا میں اسی روز انتخابی مہم سمیت ذاتی مصروفیات کے باعث میں کرتار پور صاحب نہیں جاپاؤں گی’۔

انہوں نے کہا ہے کہ کرتار پور راہداری سکھ برادری کے لیے انتہائی اہم ہے اور وہ سکھوں کے مذہبی جذبات کی قدر کرتی ہیں۔

بھارتی وزیرخارجہ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ بھارت کے وزیر صنعت اور وزیر ہاؤسنگ کرتار پور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

قبل ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹویٹر میں جاری اپنے بیان میں بھارتی وزیرخارجہ اور پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کو تقریب میں شرکت کی دعوت کا اعلان کیا تھا۔

شاہ محمود قریشی نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ‘پاکستان کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج، کیپٹن امریندر سنگھ اور نوجوت سنگھ سدھو کو 28 نومبر 2018 کو کرتارپورا کی تقریب میں شرکت کی دعوت دے دی ہے’۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرس میں کرتار پور راہداری کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان 28 نومبر کو اس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

مزید پڑھیں:’وزیراعظم کرتارپور سرحد کا افتتاح کریں گے‘

ان کا کہنا تھا کہ ’کرتارپور سرحد کی افتتاحی تقریب بہت بڑی ہو گی جس میں نوجوت سنگھ سدھو سمیت بھارتی صحافی بھی شریک ہو سکیں گے‘۔

انہوں نے کہا تھا کہ کرتارپور سرحد سیاسی تنازع نہیں بلکہ انسانی مسئلہ ہے، نوجوت سنگھ سدھو بھی تقریب میں شرکت کے لیے آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم پاکستان اور بھارت کے لاکھوں سکھ بھائیوں کے عقائد کا احترام کرتے ہیں‘۔

فوادچوہدری نے کہا تھا کہ اس سے قبل پاکستان نے تجویزدی تھی کہ کرتارپور بارڈر کو بھارتی پنجاب کے سکھ یاتریوں کے لیے کھول دیا جائے تاکہ وہ آسانی سے مذہبی رسومات ادا کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں:کرتارپور بارڈر کب کھولا جائے گا،بات چیت میں طے کریں گے،بھارتی ہائی کمشنر

بعد ازاں پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہا تھا کہ کرتارپور سرحد کھولنے پر اتفاق ہے لیکن کب کھولا جائے گا یہ پاکستان اور بھارت بات چیت میں طے کریں گے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اجے بساریہ نے کہا تھا کہ ’کرتارپور سرحد کب کھول دی جائے گی، دونوں ممالک بات چیت میں طے کریں گے‘۔

اجے بساریہ نے کہا کہ سرحد کھولنے کا معاملہ پاک۔بھارت سفارتی سطح پر بات چیت میں طے کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور بھارت کے درمیان مختلف چینلز سے رابطے موجود ہیں اور کرتارپور راہداری پر بھی گیٹ لگایا جائے گا‘۔

تبصرے (1) بند ہیں

Mazhar Nov 25, 2018 09:03am
Indian kabhi dosti kr hi nhe sakta

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025